پاکستان

نیویارک میں بزرگ پاکستانی پر نا معلوم امریکی کا حملہ، بد ترین تشدد

اسی سے زائد عمر کے احمد خان نامہ پاکستانی سٹریٹ بنچ پر بیٹھے کہ اچانک ایک سفید فام شخص نے حملہ کر دیا، مکوں کے تابڑ توڑ حملوں کے بعد فرار ہو گیا

دریں اثناءسماجی رابطے کی ویب سائٹ یوٹیوب پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے کہ جس میں پاکستانی بزرگ کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے ایک پس منظر سامنے آیا ہے

نیویارک ( محسن ظہیر سے ) نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے گڑھ کونی آئی لینڈ ایونیو ، بروکلین کے فوسٹر ایونیو پر 27جولائی کو ایک سٹریٹ بنچ پر بیٹھے اسی سے زائدسالہ پاکستانی پر ایک سفید فام امریکی نے اچانک حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کر دیا اور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق 80سے زائد سالہ پاکستانی احمد خان معمول کے مطابق فوسٹر ایونیو پر واقع پاکستانی باربر تیمور کی باربر شاپ کے سامنے ایک سٹریٹ بنچ پر بیٹھے تھے ۔

احمد خان کے بھانجے محمد اشرف عمران کے مطابق نیلی شرٹ اور کالے رنگ کی نیکر پہنے ایک سفید فام شخص اچانک اپنا فون دیکھتا اور چلتا ہوا احمد خان کے قریب آیا ، اِدھر اَدھر دیکھا اور اچانک احمد خان پر مکوں سے شدید حملہ کر دیا ۔ نامعلوم حملہ آور ، پاکستانی بزرگ پر آٹھ سے دس مکوں کے حملے کرکے سڑک پر ڈبل پارک کی گئی ، اپنی گاڑی میں بیٹھ کر جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔

نیویارک میں پاکستانی شخص پر ہونیوالے اس حملے کے واقعہ کی فوٹیج ایک مقامی سی سی ٹی وی کیمرے نے محفوظ کر لی ۔ فوٹیج میں حملہ آو ر کو پیدل چل کر آتے ہوئے اور حملہ کرکے فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔

اشرف عمران کا کہنا تھا کہ ان کے ماموں حملے میں زخمی ہونے کے بعد گھبرا کر چند بلاک دور واقع اپنے گھر کی طرف روانہ ہوگئے ۔ اس دوران تیمور باربر شاپ والے نے پولیس کو کال کی اور واقعہ رپورٹ کیا ۔
اشرف عمران کا کہنا تھا کہ اُن کے ماموں احمد خان جب گھر پہنچے تو گھروالوںنے ان کی حالت غیر دیکھی ، سر پر سوجن اور زخموں کے نشان دیکھے تو انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں علاج کے لئے داخل کر لیا گیا ہے ۔

بروکلین کے ہسپتال سے ایک بار پھر پولیس کو کال کی گئی اور پولیس نے ہسپتال پہنچ پر پاکستانی احمد خان کا بیان ریکارڈ کیا اور حملہ آور کی تلاش اور حملے کے محرکات جاننے کے لئے تفتیش شروع کر دی ہے ۔پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے احمد خان پر حملے کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ بظاہر نفرت انگیز جرم کے اس واقعہ می ملوث حملہ آور کو گرفتار کرکے قرارواقعی سزا دی جائے ۔

دریں اثناءسماجی رابطے کی ویب سائٹ یوٹیوب پر ایک ویڈیو سامنے آئی ہے کہ جس میں پاکستانی بزرگ کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے ایک پس منظر سامنے آیا ہے ۔اس یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی اس ویڈیو میں احمد خان کو اکیلے کونی آئی لینڈ ایونیو پر واقع پبلک سکول کے عقب میں پیدل چل کر جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور ویڈیو بنانے والا شخص جن نے خود کو ظاہر نہیں کیا، پاکستانی شخص سے باتیں کرتا دکھایا گیا ہے ۔بات چیت میں پاکستانی شخص کو قابل اعتراض باتیں کرتے اور پھر اپنے پرائیویٹ پارٹ کوشلوار سے باہر نکال کر دکھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔یوٹیوب پر ویڈیو پوسٹ کرنے والے شخص نے احمد خان کے حوالے سے پوسٹ ایک ویڈیو رپورٹ میں احمد خان کو جنسی شکار ی قرار دیا ہے

دوسری جانب احمد خان کی فیملی کے ذرائع کا کہناہے کہ احمد خان کی عمر82سال ہے ، ان کی ذہنی حالت بہتر نہیں ، انہیں ٹریپ کرکے ویڈیو بنائی گئی ہے اور ویڈیو بنانے والوں نے پہلے احمد خان کو پرائیویٹ پارٹ کی نمائش کی اور پھر انہیں اکسایا کہ وہ بھی ایسا کریں ۔

معلوم ہوا ہے کہ پولیس کی جانب سے اس واقعہ کی تفتیش جاری ہے

Related Articles

Back to top button