تحریک انصاف نیویارک کے رہنما رانا جاوید کے زیر اہتمام یوم آزادی پاکستان
قونصل جنرل عائشہ سمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی کی اہم شخصیات اور ارکان کی بڑی تعداد میں شرکت ، فضاءپاکستان زندہ آباد کے نعروں سے گونجتی رہی
نیویارک (اردونیوز ) پاکستان تحریک انصاف نیویارک کے رہنما و پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت رانا جاوید کے زیر اہتمام سفک کاو¿نٹی ، لانگ آئی لینڈ (نیویارک ) میںیوم آزادی پاکستان کی پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔رانا جاوید کی رہائشگاہ پر منعقدہ کی جانیوالی 14اگست کو نیویارک میںیوم آزادی پاکستان کی اس سب سے بڑی تقریب میں پاکستانی امریکن کی فیملی ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی ۔
یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں رانا جاوید اور ان کی اہلیہ نے اپنے گھر بالخصوص بیک یارڈ کو سبز ہلالی پرچم کے سفید و سبز رنگوں سے ایسے خوبصورتی سے سجایا ہوا تھا کہ ان کا گھر لانگ آئی لینڈ میں ایک لٹل پاکستان کا منظر پیش کررہا تھا ۔تقریب میں پاکستانی قونصل جنرل برائے نیویارک محترمہ عائشہ علی کے علاوہ کمیونٹی کے مقامی قائدین نے بھی شرکت کی ۔ تقریب کی نظامت کے فرائض معروف سماجی شخصیت شاہد اکبر نے ادا کئے ۔ ماہ محرم کے احترام کو تقریب میں تمام وقت ملحوظ خاطر رکھا گیا ۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کے بعد بار گاہ رسالت مآب ﷺ میں ہدئیہ عقیدت پیش کیا گیا۔
رانا جاوید نے قونصل جنرل محترمہ عائشہ علی سمیت تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے ہزاروں میل دور بسنے والے لاکھوں پاکستانیوں کے دلوں میں پاکستان بستا ہے۔ آج نیویارک میں یوم آزادی پاکستان منا کر ہم بانیان پاکستان کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے ہمیں ایک آزاد اور خود مختار ریاست دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یوم پاکستان اس عہد کی تجدید کے ساتھ منانا چاہئیے کہ ہم ان مقاصد کہ جن کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان بنایا گیا تھا ، کو ہمیشہ مقدم رکھیں گے ۔پاکستانی قوم خوش قسمت ہے کہ آج ملک کی قیادت ایک ایسی شخصیت کے ہاتھوں میں ہے کہ جو قائد محمد علی جناح اور بانیان پاکستان کے افکار و نظریات کو عملی شکل دینے میں اپنا ہر ممکن کردارادا کررہا ہے ۔
قونصل جنرل محترمہ عائشہ علی نے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاءاور تقریب کے میزبان راناجاوید اور ان کی اہلیہ کو یوم آزادی پاکستان کی مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم بانیان پاکستان کی قیادت کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے بے شمار قربانیوں اور جدوجہد کے بعد ایک الگ و آزاد وطن حاصل کیا ۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز میں بسنے والے پاکستانی ، ملک و قوم کے سفیر ہیں ۔آپ کی کامیابی سے اور آپ جب بیرون ممالک میں سبزا ہلالی پرچم بلند کرتے ہیں تو پاکستان کا نام اور مقام سربند ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے مظلوم و محکوم کشمیری عوام کے ساتھ بھی اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔قیام پاکستان کے وقت ، حق خود ارادیت کا اظہار ان کا بھی حق تھا لیکن انہیں اس حق سے محروم رکھا گیا ۔ انشاءاللہ ایک دن انہیں ان کا حق ملے گا۔ عائشہ علی نے کہا کہ پاکستان آج داخلی اور خارجی طور پر ترقی کررہا ہے ،حکومت پاکستان ، اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت کو نہایت ہی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انہیں ہر ممکن خدمات فراہم کرنے کی پالیسی پر گامنزن ہے ۔
کمیونٹی رہنما قمر بشیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں 14اگست کو یوم آزادی پاکستان نہیں کہنا چاہئیے ۔ 14اگست 1947سے پہلے تو پاکستان کا وجود تک نہیں تھا البتہ انڈیا موجود تھا جو کہ انگریزوں کی غلام میں تھا۔ انڈیا کے لئے وہ وقت آزادی کا وقت تھا، 14اگست 1947کو پاکستان آزاد نہیں بلکہ معرض وجود میں آیا اور اس نے دنیا کے نقشے پر اپنا ایک منفرد مقام بنایا۔ میں پوری پاکستانی کمیونٹی کو یوم قیام پاکستان کی مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔
تقریب کے آخر میں قونصل جنرل عائشہ علی کے ساتھ میزبان رانا جاوید اور مسز رانا جاوید اور دیگر مہمانوں بالخصوص خواتین نے مل کر یوم پاکستان کا کیک کاٹا ۔ اس موقع پر فضاءمسلسل ، پاکستان زندہ آباد کے نعروں سے وگونجتی رہی ۔رانا اجاوید اور ان کی فیملی کی جانمب سے تمام مہمانوں کی پرتکلف کھانوں سے تواضع کی گئی ۔
Pakistani Independence Day celebrations New York