پاک فوج کو سلام، پولنگ کے دوران شہریوں کی فوجی اہلکاروں کو خراج تحسین
دنیا نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے عوام کی محبت دیکھ لی اور عوام نے بدنیتی پر مبنی ہر قسم کاپراپیگنڈا مسترد کردیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی(اردو نیوز ) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر 25جولائی کو ہونیوالے الیکشن کے دوران بعض مقامات پر ووٹرز کی جانب سے شہریوں کے ساتھ اظہار محبت کے چند تصاویری مناظر جاری کئے گئے اور عوام کی فوج سے محبت پر ان کا شکرئیہ ادا کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹویٹ میں قوم کی جانب سے جوانوں کو پھول پیش کرنے اور محبت دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔میجر جنرل آصف غفور نے کہاکہ آج دنیا نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے عوام کی محبت دیکھ لی اور عوام نے بدنیتی پر مبنی ہر قسم کاپراپیگنڈا مسترد کردیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاک فوج عوام کی غیر متزلزل حمایت کی وجہ سے مضبوط ہے اور ہماری زندگیاں پاکستان اور اس کے عوام کے لیے وقف ہیں۔یاد رہے کہ ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں عوام کی جانب سے پاک فوج کے جوانوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو پھول پیش کیے گئے جب کہ متعدد مقامات پر ان پر گل پاشی کی گئی۔