فلوریڈا کے پاکستانی امریکن ڈاکٹرز کی دیا میر بھاشا ڈیم کےلئے ایک لاکھ 10ہزار ڈالرز فنڈریزنگ
فنڈ ریزنگ کا اہتمام ٹیمپا بے (فلوریڈا)میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی کے قائدین ڈاکٹر منیر خان، ڈاکٹر شوکت چوہدری، ڈاکٹر طارق صغیر، ڈاکٹر شفقت فاروقی اور ڈاکٹر سلیم افریدی نے کیا
شرکاءنے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پاکستان کے آبی مستقبل کو محفوظ بنانے کےلئے کی جانے والی کوششوں کی بھرپور حمایت کی
فلوریڈا(اردو نیوز)فلوریڈا کے شہر ٹیمپا میں گزشتہ دنوں وزیراعظم اور سپریم کورٹ کے ڈیم فنڈ کےلئے ایک فنڈ ریزنگ کا اہتمام کیا گیا جس میں دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کےلئے ایک لاکھ دس ہزار ڈالر اکھٹے کئے گئے۔ اِس فنڈ ریزنگ کا اہتمام ٹیمپا بے ایریا کی پاکستانی کمیونٹی کی قائدین ڈاکٹر منیر خان، ڈاکٹر شوکت چوہدری، ڈاکٹر طارق صغیر، ڈاکٹر شفقت فاروقی اور ڈاکٹر سلیم افریدی نے کیا جس میں مقامی پاکستانی کمیونٹی کے دو سو سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر منیر، کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پانی کا شدید بحران ملک کے مستقبل کےلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، انکا کہنا تھا کہ دیار غیر میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی ڈیم فنڈ کے لئے پیسے اکھٹے کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی ۔ باوجود اس حقیقت کے کہ یہ بڑے ڈیم صرف چندوں سے نہیں بنائے جا سکتے تاہم اِس سلسلے میں ہونے والی ہر کوشش ہر اس اینٹ کی مانند ہے جو ان بڑے منصوبوں کی تکمیل کیلئے استعمال ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ان بڑے ڈیموں کیلئے فنڈ ریزنگ کسی دیوانے کا خواب نہیں بلکہ اس قومی جذبے کا مظہر ہیں جس کے تحت اپنے ملک سے محبت کرنے والے امریکہ میں بسنے والے پاکستانی اپنی کمائی ملک کے نام جمع کرا رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر شوکت چوہدری، ڈاکٹر طارق صغیر، ڈاکٹر شفقت فاروقی اور ڈاکٹر سلیم افریدی اپنی تقاریر میں پاکستان میں آنے والی شدید آبی بحران سے نمٹنے کےلئے نئے آبی ذخائر کی تعمیر ناگزیر ہے جنکی تکمیل کےلئے دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی اپنا حصہ ڈالتے رہیں گے۔
مقررین نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پاکستان کے آبی مستقبل کو محفوظ بنانے کےلئے کی جانے والی کوششوں کی بھرپور حمایت کی اور امید ظاہر کی کہ نئی حکومت دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل پر بھی توجہ دے گی۔