نیوجرسی میں کتنے پاکستانی رہتے ہیں ؟
مردم شماری کا فارم بھرتے وقت ’ریس‘ کے خانے میں دیگر کے سامنے ہاتھ سے ’پاکستانی ‘ لکھیں ، پاکستانی امریکن کمیونٹی قائدین کی کمیونٹی ارکان کو تاکید
کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستانی کمیونٹی میں مردم شماری کے ’ریسپانس‘ میں کچھ کمی تو ہے لیکن کمیونٹی میں تحریک جاری ہے کہ کمیونٹی کا شمار بطور پاکستانی ہو
نیوجرسی (محسن ظہیر سے ) امریکہ میں جاری مردم شماری 2020کے سلسلے میں جاری کردہ فارم کے(پیپر) سوالنامہ میں سوال نمبر سات ریس (قومیت ، race)سے متعلق ہے ۔نیوجرسی میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے سرکردہ قائدین ، کمیونٹی ارکان پر زور ڈال رہے ہیں کہ جب وہ مردم شماری کے فارم کو بھریں تو ’ریس‘(race)کے خانے میں دیگر کے آپشن پر جائیں اور اس کے سامنے ہاتھ سے ’پاکستانی ‘ لکھیں ۔ایسا کرنے کا مقصد یہ ہے کہ نیوجرسی ریاست میں بسنے والے پاکستانی ، اپنی تعداد کی صحیح معنوں میں عکاسی کریں ۔
نیوجرسی میں کسی کو یہ معلوم نہیں کہ ریاست میں کتنے پاکستانی رہتے ہیں ؟تاہم تعداد کے حوالے سے ہر کوئی اپنا اندازہ لگانے کی کوشش کرتا ہے ۔
پاکستانی امریکن محمد علی چوہدری نے سال2004میں برنارڈز ٹاو¿ن شپ (نیوجرسی) میں بطور مئیر خدمات انجام دیں ۔ امریکہ میں مئیر منتخب ہونیوالے پاکستانی نژاد امریکہ تھے ۔مئیر چوہدری بھی جاننا چاہتے ہیں کہ نیوجرسی میں بسنے والے پاکستانیوں کی کتنی تعداد ہے؟
”ایسی کوئی باقاعدہ سٹڈی موجود نہیں کہ جس سے اندازہ لگا سکیں کہ نیوجرسی ریاست میں پاکستانیوں کی کتنی تعداد ہے لیکن ایسا کوئی سٹڈی ہو تو یہ ایک اچھا آئیڈیا ہوگا، “ مئیر محمد علی چوہدری نے کہا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ”ہمارے پاس ایک موقع آیا ہے کہ ہم مردم شماری میں بطور’پاکستانی ‘ شمار ہوں ، اگر ہم مردم شماری کا فارم بھرتے وقت خود کو ’پاکستانی ‘ لکھیں ۔“
ان کا مزید کہنا تھا کہ ”میں سال1973میں نیوجرسی میں آکر رہائش پذیر ہوا۔ مجھے یاد ہے کہ اُ س وقت ہم حلال گروسری اور میٹ لینے کے لئے نیویارک جا یا کرتے تھے لیکن اب 40سال کے عرصے میں یہاں ریاست میں پاکستانی کمیونٹی کی تعدادمیں بہت اضافہ ہو گیا ہے۔“
” اگرچہ ہم کرونا وائرس کی وبا کے چیلنج سے نبرد آزما ہو رہے ہیں لیکن اس وقت پر امریکہ میں جاری مردم شماری کے عمل میں حصہ لینا بھی اتنا ہی اہم ہے ، “ مئیر چوہدری نے کہا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ”ہمارے اسلامک سنٹرز اور دیگر کمیونٹی تنظیمیں ، آج کل لوگو ں سے گھروں پر محدود ہیں، سے کی جانیوالی اپنی آن لائین اور ویڈیو میٹنگز میں، زور دے رہے ہیں کہ وہ مردم شماری کے عمل میں بھی حصہ لیں ۔“
”اور جب ریس (race)کا خانہ آئے تو وہاں ’پاکستانی ‘ لکھا جائے ، یہ اچھا آئیڈیا ہے ، “ مئیر چوہدری نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا ۔
سلیم صدیقی ایک پاکستانی امریکن صحافی ہیں جو کہ نیوجرسی ریاست میں گذشتہ تیس سے زائد سالوں سے رہ رہے ہیں ۔انہیں بھی کوئی صحیح آئیڈیا نہیں ہے کہ نیوجرسی میں کتنے پاکستانی رہتے ہیں ۔ لیکن جب انہیں امریکہ کے ایک پالیسی انسٹیٹیوٹ ”سنٹرفار امریکن پروگریس “ کی سال 2015کی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ اُس رپورٹ کے مطابق 2015میں نیوجرسی میں پاکستانیوں کی تعداد 31,958تھی ۔ سلیم صدیقی نے پاکستانیوں کی اس تعدادکے حوالے سے اختلاف کیا ۔
” میرا خیال ہے کہ اُس وقت (سال2015میں) بھی اور اس وقت بھی نیوجرسی میں بسنے والے پاکستانیوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے ،“ سلیم صدیقی نے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ” نیوجرسی میں پاکستانیوں کی تعداد میں بڑا اضافہ ہوا ہے ۔“
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کمیونٹی میں امریکی مردم شماری 2020کے حوالے سے کمیونٹی کی جانب سے ریسپانس (response) سست ہے ۔ تاہم ابھی بھی ہمارے پاس کافی وقت ہے اور کمیونٹی کو اس اہم موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہئیے ۔
امریکہ میں کرونا وائرس وبا کی وجہ سے جاری حالات میں ایک دوسرے تک رسائی مشکل ہوئی ہے ۔اس مسلہ کا حل ’ایڈوکیٹس فارچلڈرن آف نیوجرسی ‘کی ’کڈز کاو¿نٹ کوارڈی نیٹر ‘ الانا ویگا یہ تجویز کرتی ہیں کہ میڈیا ، کمیونٹی اور متعلقہ افراد میں پائے جانیوالی خلیج کو پر کرے ۔ ’ایڈوکیٹس فارچلڈرن آف نیوجرسی ‘ ایک آزاد اور غیر نفع بخش تنظیم ہے جو کہ جرسی سٹیٹ میں بچوں کی ایڈوکیسی کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتی ہے ۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ” گھر پر موجود افراد آن لائن، بذریعہ فوم یا بذریعہ میل ، مردم شماری کا اپنا فارم بھر سکتے ہیں ۔کرونا وائرس وبا (COVID-19)کی وجہ سے لوگوں تک رسائی کی سرگرمیوں کو ملتوی کیا گیا ہے تاہم بہت سے تنظیمیں ڈیجیٹل طریقہ کار کو استعمال کرتے ہوئے روابط کو یقینی بنا رہی ہیں ۔“
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ انگلش زبان کے علاوہ لوگ مردم شماری کے فارم کو آن لائن بھرنے کے لئے 12زبانوں میں مدد حاصل کرسکتے ہیں ۔ ان زبانوں میں اردو زبان شامل نہیں ہے ۔جہاں تک مردم شماری کے پیپر فارم کا تعلق ہے تو وہ انگریزی اور سپنش میں ہی دستیاب ہے ۔
” دیگر مذہبی مراکز کی طرح ، ہمارا اسلامک سنٹر،اسلامک سنٹر آف سنٹرل جرسی ‘ بھی بند ہے لیکن میری بیٹی اسلامک سنٹر کی آن لائن اور ویڈیو میٹنگز کے انعقاد کے سلسلے میں مدد کررہی ہے ، “ مئیر چوہدری نے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ” آن لائن میٹنگز میں کمیونٹی ارکان اور نمازیوں کو بتایا جا رہا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے جاری لاک ڈاو¿ن کے باوجود مردم شماری کا عمل جاری ہے اور کمیونٹی کو اس میں حصہ لینا چاہئیے۔“
الان ویگا کا کہنا ہے کہ لوگ مردم شماری 2020کے فارم بھرنے کا کام اپنے گھر پر اپنے شیڈول کے مطابق کر سکتے ہیں ۔ مردم شمار ی کے اعداد و شمار اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ نیوجرسی ریاست اہم منصوبوں کے لئے فیڈرل فنڈنگ سے اپنا جائز حصہ حاصل کرے ۔ موجودہ وبا کی صورتحال میں فنڈز کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
” مردم شماری بہت ہی اہم ہے اور ہم رئیل ٹائم میں (اپنے سامنے ، اپنے وقت میں ) مشاہدہ کررہے ہیں کہ مردم شماری کے اعدادو شمار صحت عامہ کی مد میں فنڈنگ کے حوالے سے کتنے اہم ہیں ، ©© “ الانا نے بتا کرتے ہوئے مزید کہا کہ ” موجودہ وقت بہت ہی اہم ہے اور یہ ایک یاد دہانی بھی ہے کہ مردم شماری کی کیا ہمیت ہے ۔“
الانا کا مزید کہنا ہے کہ ” مردم شماری کی اہمیت کی ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ انہی اعداد و شمار سے ہمارے کانگریشنل ڈسٹرکٹ کی حلقہ بندیوں، نمائندگی کا تعین ہوگا۔“
” حال ہی میں ہماری مسلم امریکن کمیونٹی کے ایک رکن یوسف صالح ، جرسی سٹی میں وارڈ ڈی کے کونسل مین مقرر ہوئے ہیں ۔ انہیں کونسل مین مائیکل یُن کے انتقال کی وجہ سے خالی ہونیوالی نشست پر کونسل مین مقرر کیا گیا ہے،“ یہ بات امریکن مسلم کونسل کےایگزیکٹو ڈائریکٹر سیم خان نے بات کرتے ہوئے کہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ”مستقل قریب میں مسلم امریکن کمیونٹی کی ارکان اہم منتخب عہدوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔“
” الیکشن اعداد و شمار کا کھیل ہے ، لہٰذا مردم شماری میں اپنے شمار کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے ، سیم خان نے کہا ۔
Video – Center for Cooperative Media Census Webinar