پاکستانی سپر لیگ آف یو ایس اے کا قیام
نیویارک میں 28سے31مئی تک مرین پارک، بروکلین میں پہلا ٹورنامنٹ ہوگا
نیویارک (اردونیوز )پی آئی سپورٹس بورڈ کی جانب سے امریکہ میں کرکٹ کے کھیل کے فروغ کے لئے ”پاکستان سپر لیگ آف یو ایس اے “ (PSL of USA) قائم کر دی گئی ہے ۔ اس بات کا اعلان پی آئی سپورٹس بورڈ اور پاکستان سپر لیگ آف یو ایس اے کے عہدیداران اور انکے سپورٹرز نے یہاں مشترکہ پریس کانفرنس میںکیا ۔ اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا گیا کہ 28مئی سے لے کر31مئی تک میرین پارک، بروکلین (نیویارک) میں پاکستان سپر لیگ آف یو ایس اے کا پہلا ٹورنامنٹ ہوگا جس میں شامل ٹیموں میں پاکستانی امریکن کرکٹرز شامل ہوں گے ۔ اس ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنیوالی اور رنر اپ ٹیم کو کیش پرائش کے ساتھ ساتھ ٹرافیز اور انعامات دئیے جائیں گے ۔
پی آئی سپورٹس بورڈ آف ڈائریکٹرز کے پریذیڈنٹ عاصم ملک، سینئر وائس پریذیڈنٹ عمر فاروق، وائس پریذیڈنٹ عمر چوہدری ، جنرل سیکرٹری عادل نوشیروان ، اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری تیمور حیدر، خزانچی اسد منور جبکہ پاکستان سپر لیگ آف یو ایس اے کے پریذیڈنٹ عمر فاروق، سینئر وائس پریذیڈنٹ ڈاکٹرقمر شہزاد، وائس پریذیڈنٹ ملک عرفان ، جنرل سیکرٹری عادل نوشیروان، اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری تیمور حٰدر، خزانچی اسد منور، مینیجنگ ڈائریکٹر بلال احمد، میڈیا ڈائریکٹر عدیل خان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں شرکت کی ۔ اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ آف یو ایس اے کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ سپر لیگ کے قیام سے امریکہ میں نہ صرف کرکٹ کو فروغ ملے گا بلکہ امریکہ میں کرکٹ اور پاکستانی کرکٹرز کے مستقبل کو روشن بنانے اور نئے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لئے مواقع پیدا کرنے میں بہت مدد ملے گی ۔
اس موقع پر پاکستان سپر لیگ آف یو ایس اے کے 28مئی سے شروع ہونیوالے پہلے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے یونیفارم کی بھی نمائش کی گئی اور ٹیموں کے سربراہان اور ارکان نے اپنی اپنی ٹیموں کا تعارف بھی کروایا۔
Pakistan Super League of USA