پاکستان ریلوے کے نظام کو جدید بنانے کےلئے عالمی کمپنی کی بڑی پیشکش
ریلوے کمپنی ویبٹیک کے وفد کی واشنگٹن ڈی میں پاکستانی سفیر مسعود خان سے اہم ملاقات ، پاکستان ریلوے کو اہم معاونت کی پیشکش کی تفصیلات سے آگاہ کیا
واشنگٹن ڈی سی (اردونیوز ) بین الاقوامی شہرت یافتہ ریل کمپنی ویبٹیک کی جانب سے پاکستان کے ریلوے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور انجنوں کی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے معاونت کی پیش کش کی ہے ۔ اس سلسلے میں امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے بین الاقوامی شہرت یافتہ ریل کمپنی ویبٹیک کے وفد سے ملاقات کی ۔وفد نے سفیر پاکستان کو پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیوں اور تجربات، پاکستان ریلویز کے ساتھ مختلف امور میں تعاون اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی
ریل انجنوں کی تیاری کے حوالے سے کمپنی کی خصوصی استعداد کارخصوصا ڈیجیٹلائزیشن، کنٹرول اینڈ سیفٹی، سگنل ٹریفک اور فیول کی بچت کے حوالے سے ہائبرڈ ٹیکنالوجی کو متعارف کرائے جانے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ اب تک کمپنی کی جانب سے پاکستان ریلویز کو 153 انجن فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انجنیرنگ اور سروسز کے شعبے میں بھی فراہم کردہ تعاون پر بات چیت۔
سفیر پاکستان نے ویبٹیک کی جانب سے پاکستان ریلویز کے ساتھ تعاون کو سراہا
پاکستانی سفیر مسعود خان کا وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں ریلوے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مقامی سطح پر ریل انجنوں کی تیاری ، مرمت و دیگر متعلقہ سروسز کی فراہمی کے ضمن میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور ریل کمپنیوں کے لئے سرمایہ کاری کے بے انتہا مواقع پیدا ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریلوے نظام کو جدید بنانے کے ضمن میں ہم ویبٹیک کے تجربات اور صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔
مسعود خان نے کہا کہ نقل و حمل کے نظام میں ریلویز کی کلیدی اہمیت اورترقی پذیر معیشت کی ضروریات نےریلوے سیکٹر کے مختلف شعبہ جات میں نئے مواقعوں کو جنم دیا ہے۔
وفد کی جانب سے پاکستان ریلویز کے ساتھ جاری تعاون کو مزید بڑھانے اور انجنوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے معاونت کی پیش کش
سفیر پاکستان کی جانب سے کمپنی کی پیش کش کا خیر مقدم کیا گیا ۔
سفیر مسعود خان نے کہا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کاروں اور پاکستان میں بزنس کرنے کی خواہشمند کمپنیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے پرعزم ہے۔