پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل رکنیت سنبھالی، قومی پرچم نصب
Pakistan flag Installed at UNSC, as the country assumes non-permanent membership for 8th time
اقوام متحدہ( محسن ظہیر سے )پاکستان کا سبز ہلالی پرچم اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کے چیمبر کے سامنے ایک پر وقار تقریب میں دو سال کے لئے نصب کر دیا گیا ۔ پاکستانی پرچم کو نصب کرنے کی تقریب ، پاکستان کی جانب سے سلامتی کونسل کے آٹھویں بار غیر مستقل رکن کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے موقع پر منعقد ہوئی ۔ پا کستان کے متبادل مستقل نمائندے، سفیر عاصم افتخار احمد نے اس شاندار تقریب کے دوران قومی پرچم نصب کیا۔ اپنے مختصر خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں، بشمول بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام اور مساوی حقوق اور خود ارادیت کے اصول پر مبنی اقوام کے درمیان دوستانہ تعلقات کی ترقی، سے رہنمائی حاصل کرتا رہے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے کثیر الجہتی مسائل سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے مرکز کے ساتھ تعاون سب سے مو¿ثر طریقہ ہے۔ سفیر عاصم نے مزید کہا کہ پاکستان ہمیشہ غیر ملکی تسلط اور ظلم کے شکار لوگوں کے حق خود ارادیت کے لیے مضبوط آواز بلند کرتا رہے گا۔
“ہمیں طویل عرصے سے حل طلب اور نئے تنازعات کی بنیادی وجوہات کو سنجیدگی سے حل کرنا ہوگا، مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دینا ہوگی، اور علاقائی و عالمی سطح پر اعتماد سازی کو فروغ دینا ہوگا تاکہ کشیدگی میں کمی، ہتھیاروں کی دوڑ کو روکا جا سکے، اور امن و استحکام کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے،” پاکستانی نمائندے نے کہا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود مسائل کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے دیگر اراکین کے ساتھ شراکت داری کرے گا اور تنازعات کی روک تھام، امن قائم رکھنے اور تعمیر امن کے آلات کے استعمال کو مو¿ثر بنانے کے لیے کوششیں کرے گا۔
شمولیتی تقریب کے دوران، پانچ نئے غیر مستقل اراکین ، پاکستان، ڈنمارک، یونان، پانامہ اور صومالیہ کے پرچم اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز، نیویارک میں سلامتی کونسل کے سٹیک آو¿ٹ پر نصب کیے گئے۔ یہ نئے اراکین جاپان، ایکواڈور، مالٹا، موزمبیق اور سوئٹزرلینڈ کی جگہ لے رہے ہیں، جن کی مدت 31 دسمبر 2024 کو ختم ہوگئی۔
پاکستان جولائی میں سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا، جس کے دوران اسلام آباد کو کونسل کے ایجنڈے کو ترتیب دینے کا موقع ملے گا۔
اس کے علاوہ، پاکستان کو اسلامی ریاست (داعش) اور القاعدہ پابندیوں کی کمیٹی میں نشست ملے گی، جو افراد اور گروپوں کو دہشت گرد قرار دینے اور پابندیاں عائد کرنے کی ذمہ دار ہے۔
سلامتی کونسل کے 15 اراکین میں پانچ مستقل اراکین برطانیہ، چین، فرانس، روس، اور امریکہ اور 10 غیر مستقل اراکین شامل ہیں، جن کی نشستیں جغرافیائی خطے کے مطابق مختص کی جاتی ہیں اور ہر سال پانچ نشستیں تبدیل ہوتی ہیں۔
سلامتی کونسل کو اقوام متحدہ کا سب سے طاقتور ادارہ سمجھا جاتا ہے۔ یہ کونسل بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کی ذمہ دار ہے، قانونی طور پر پابند فیصلے کر سکتی ہے، پابندیاں عائد کر سکتی ہے، اور ریاستوں کے خلاف طاقت کے استعمال کی منظوری دے سکتی ہے۔ پرچم نصب کرنے کی تقریب کی روایت قازقستان نے 2018 میں متعارف کرائی تھی۔
Pakistan flag Installed at UNSC, as the country assumes non-permanent membership for 8th time