مئیر بل ڈبلازیو پاکستان ڈے پریڈ نیویارک میں واک کرینگے ، عاطف اسلم تین گھنٹے پرفارم کرینگے
پاکستان ڈے پریڈ کمیٹی نیویارک کے عہدیداران سید حمیم شاہ ، ملک غلام عباس، احمد جان ، منیر لودھی ، اسد چوہدری اور وسیم سید کی مشترکہ پریس کانفرنس
نیویارک (اردو نیوز ) یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں نیویارک سٹی میں منعقد ہونیوالی پاکستان ڈے پریڈ کو اس سال تاریخی انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سال پریڈ میں نیویارک سٹی کے مئیر بل ڈبلازیو پریڈ کمیٹی کے عہدیداران اور کمیونٹی ارکان کے ساتھ واک کریں گے اور پاکستانی امریکن کے ساتھ یوم آزادی پاکستان کی خوشیاں شئیر کریں گے ۔مزید برا ں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم پریڈ میں تین گھنٹے تک اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ۔ یہ اعلان پاکستان ڈے پریڈ کمیٹی کے چئیرمین سید حمیم شاہ ، کو چئیرمین ملک غلام عباس، سیکرٹری جنرل منیر لودھی ، چئیرمین آرگنائزنگ کمیٹی احمد جان اور انچارج میڈیا کمیٹی وسیم سید نے یہاں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ نیویارک سٹی میں ہونیوالی پاکستان ڈے پریڈ کمیونٹی کا ایک فلیگ شپ ایونٹ ہے ۔ہمارا اولین مقصد پریڈ کو وطن عزیز کے لئے ایک شایان شان ایونٹ بنانا ہے اور اس کی رونقیں اور وقار کو بحال کرنا ہے ۔نیویارک ٹرائی سٹیٹ ایریا میں لاکھوں کی تعداد میں کمیونٹی ارکان بستے ہیں اور پریڈ کے پلیٹ فارم سے کمیونٹی اپنی حیثیت اور اہمیت کو واضح کرنے کے علاوہ ملک و قوم کی اعلیٰ اقدار ، ثقافت اور سوفٹ امیج کو نمایاں کر سکتی ہے ۔ یہ سب اسی وقت ممکن ہے کہ جب کمیونٹی اپنا بھرپور کردار ادا کرے ، بڑی تعداد میںکمیونٹی ارکان پریڈ میں شریک ہوں اور اسے ایک یادگار و کامیاب ایونٹ بنائیں ۔
سید حمیم شاہ نے کہا کہ نیویارک سٹی میں پریڈ کرنا کوئی آسان کام نہیں ، سٹی حکام، ہیلتھ ، سینی ٹیشن ، پارک اور پولیس ڈیپارٹمنٹ سمیت اہم حکام سے ڈیل کرنا پڑتا ہے ۔اس بڑے سٹی ایونٹ میں سٹی کے قواعد و ضوابط کی کوئی ایک خلاف ورزی کی وجہ سے پرمٹ کے اجراءمیں مسلہ پیدا ہو سکتا ہے یا پرمٹ منسوخ بھی ہو سکتا ہے ۔ اس لئے ہم سب کو بہت ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے اور کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میڈیسن ایونیو (نیویارک سٹی) پر اب بلڈنگز میں رہائشی افراد کی تعداد میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کمیونٹی بورڈ میں پاکستان ہی نہیں بلکہ دیگر کمیونٹیز کی پریڈ کے حوالے سے بھی سختیوں میں اضافہ ہو رہا ہے ۔
سید حمیم شاہ ، ملک غلام عباس، احمد جان ، منیر لودھی ، اسد چوہدری اور وسیم سید نے مشترکہ پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ پاکستانی امریکن میڈیا ، پریڈ کی کامیابی میں تعاون کرے ۔ کمیونٹی کی زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت اور موثر کردار کی وجہ سے یوم آزادی پاکستان کا یہ ایک یادگار ایونٹ بن سکتا ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عاطف اسلم کی وجہ سے پریڈ میں اس سال بیس سے پچیس ہزار افراد شریک ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ عاطف اسلم ٹھیک سو ا دو بجے اپنیپرفارمنس شروع کردیںگے ۔ پندرہ پندہ منٹ کے وقفے وہ پرفارم کریں گے ۔ وہ پہلی بار نیویارک میں کسی اوپن عوامی پروگرام میں پرفارم کرنے جا رہے ہیں اور ان کی یہ تاریخی پرفارمنس ہوگی ۔
پریڈ کمیٹی کے عہدیداران نے کہا کہ اس سال پریڈ میں میڈیا کے ارکان کو فوٹو آئی ڈی جاری کی جائیں گی اور ان کے لئے ایک الگ میڈیا کارنر مخصوص کیاجائیگا۔کمیونٹی ارکان سے بھی گذارش ہو گی کہ وہ بر وقت پریڈ میں آئیں ، ڈسپلن کا خاص خیال کریں اورپاکستانی کی حیثیت سے یوم پاکستان کی اس تقریب کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں ۔
ایک سوال کے جواب میں سید حیم شاہ نے کہاکہ پانچ اگست کو پریڈ کے بعد پریڈ کے الیکشن ہونگے اور ایک سو دس فیصد میں آئندہ سال کے لئے چئیرمین کا امیدوار نہیں ہونگا۔
پریس کانفرنس کے دوران پاکستانی کمیونٹی کے جواں سال کاروبار ی شخصیت احمد محمود نے بھی خصوصی شرکت کی اور انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی کمپنی پریڈ میں اپنا خصوصی فلوٹ شامل کرے گی ۔
پریس کانفرنس کے آخر میں پاکستان میں پشاور ، بنوں اور مستونگ میں ہونیوالے حالیہ خود کش و دہشت گرد حملوں اور ان حملوں میں دو سے زائد معصوم شہریوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کیا گیا ۔ سینئر صحافی معوذ اسد صدیقی نے شہداءکی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کروائی ۔