پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاو کے خطرات، وزیر اعظم عمران خان کا ہنگامی حکمنامہ جاری
بروقت حفاظتی اقدامات کی غیر موجودگی میں پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاو کے خدشے کو خارج ازامکان نہیں قرار دیا جا سکتا
اسلام آباد (اردو نیوز ) وزیر اعظم عمران خان نے کرونا وائرس کے پھیلاو¿ کے خطرے کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات اور مربوط حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اس سلسلے میں کرونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے کےلئے اعلیٰ سطحی بین الوزارتی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے ۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کےمعاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری ہوا بازی، صوبائی سیکریٹریز برائے صحت، چیئرمین این ڈی ایم اے، سرجن جنرل پاکستان آرمی و دیگر سینئر افسران شریک ہوں گے۔
وزیرِ اعظم آفس کی جانب سے متعلقہ وزارتوں کوبھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چین میں سامنے آنے والے کرونا وائرس کے اب تک دو ہزار کنفرم کیسز دنیا بھر میں سامنے آ چکے ہیں۔ پاکستان میں چینی باشندوں کی بڑی تعداد میں موجودگی اور دونوں ملکوں کے درمیان سفر کرنے والے افراد کی بڑی تعداد کے پیش نظر بروقت حفاظتی اقدامات کی غیر موجودگی میں پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاو¿ کے خدشے کو خارج ازامکان نہیں قرار دیا جا سکتا۔ لہٰذا اس سلسلے میں جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے۔اجلاس میں مرتب کی جانے والی سفارشات ایک ہفتے میں وزیرِ اعظم آفس کو پیش کی جائیں ۔