’بروکلین میں PAANYکے زیر اہتمام فورتھ جولائی کی تقریب‘
تقریب کے اہتمام میں چوہدری اسلم ڈھلوں، کریم وٹو، لیفٹنٹ ضیغم عباس سمیت ان کے ساتھیوں نے اہم کردار ادا کیا، قونصل جنرل عائشہ علی ، چیف شول اور امام طاہر سمیت اہم شخصیات کی شرکت
نیویارک (اردونیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم ’پاکستانی امریکن ایسوسی ایشن آف نیویارک ‘(پانی۔PAANY) ، امریکن پاکستانی ایڈوکیسی گروپ (APAG)اور اکنا ریلیف نیویارک کے زیر اہتمام حسب روایت یہاں یوم آزادی امریکہ (فورتھ آف جولائی ) کی تقریب منعقد ہوئی ۔تقریب کے اہتمام میں چوہدری اسلم ڈھلوں، کریم وٹو، لیفٹنٹ ضیغم عباس، معوذ اسد صدیقی ،عقیل رحمان ، قمر زمان سمیت ان کے ساتھیوں نے اہم کردار ادا کیا ۔ تقریب میں قونصل جنرل پاکستان عائشہ علی سمیت کمیونٹی کی مقامی اہم شخصیات اور ارکان نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مسلم چیپلن امام طاہر کوکائی نے تلاوت کی سعادت حاصل کی جبکہ نعت خوانان محمد اصغر چشتی اور مرزا انیس بیگ نے بار گاہ رسالت ﷺ میں ہدئیہ عقیدت پیش کیا ۔معوذ اسد صدیقی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ اکنا ریلیف نیویارک کی نمائندگی خالدجاوید جبکہ ’APAG) کی نمائندگی امین غنی اور چوہدری نوید انور نے کی ۔
چوہدری اسلم ڈھلوں نے شرکاءکو ’PAANY‘ کی جانب سے تقریب میں خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں فورتھ آف جولائی کی مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ میں بستے ہیں اور یہ ہمارا اور یہاں پروان چڑھنے والی نسلوں کا ملک ہے ۔ اس لئے ہمیں اس ملک کے قومی نظام اور قومی دھارے میں شامل ہو کر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئیے ۔
قونصل جنرل عائشہ نے خطاب کرتے ہوئےپاکستانی امریکن کمیونٹی اور امریکی عوام کو فورتھ آف جولائی کی مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں بسنے والی پاکستانی امریکن کمیونٹی ، امریکی نظام کا حصہ بن رہی ہے اور دن بدن ترقی کررہی ہے جس کا حالیہ ثبوت امریکہ میں پاکستانی امریکن فیڈرل جج کی تعیناتی اور نیوجرسی سٹیٹ کے سٹیٹ سینٹ اور اسمبلی کے پرائمری الیکشن میں پاکستانی امریکن خواتین صدف جعفر اور شمع بنیاد حیدر کی کامیابی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کو مزید متحرک ہونا چاہئیے ۔ امریکہ ایک منفرد ملک ہے کہ جہاں قلیل وقت میں ترقی کے زیادہ ترقی کے مواقع موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ میں بسنے وای پاکستانی کمیونٹی کی ترقی کرتی ہے تو وہ نہ صرف یہاں کی مفید شہری بنتی ہے اور ترقی کرتی ہے بلکہ دونوں ممالک میں تعلقات کے فروغ اور بہتری کے لئے بھی کارگر ثابت ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ میںدیرینہ تعلقات ہیں ۔ قونصل جنرل عائشہ علی نے کہا کہ پاکستان امریکہ اور بائیڈن انتظامیہ کا مشکو رہے کہ جنہوںنے حال ہی میں پاکستان کو موڈیرنا ویکسین کی 25لاکھ ڈوز بھجوائیں ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی کے مقامی قائدین لیفٹنٹ ضیغم عباس، امین غنی، چوہدری نوید انور، وسیم سید،عظیم ایم میاں ، کرنل (ر) مقبول ملک، مظفر احمد(کرنل صاحب) ،طاہر میاں ، معوذ اسد صدیقی ، اسد چوہدری ، ولیم شہزاد، جیمز سپرئین، چوہدری ظہور اختر ، ظفراقبال ، فضل حق سید، آصف وٹونے شرکاءکو فورتھ آف جولائی کی مبارکباد دی اور کہا کہ ہمیں اس ملک میں ایک اچھے پاکستانی اور ایک اچھے امریکی بن کر اپنا نام اور مقام بنانا چاہئیے ۔
تقریب میں ذوالفقار باجوہ، مارک ایپل، منور گوندل ،رفیق انجم سمیت کمیونٹی کے مقامی ارکانبھی شریک ہوئے ۔ آخر میں شرکاءنے مل کر فورتھ آف جولائی کا کیک کاٹا ۔ اس موقع پر مہمانوں کی بار بی کیو سے تواضع کی گئی ۔