اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا حق، حکومت نے آرڈیننس جاری کردیا
امید ہے کہ بلاول اور شہباز شریف خوش ہوں گے ، کیوں کہ وہ یہ مطالبہ کررہے تھے کہ الیکشن کمیشن کو یہ رول دیا جائے ،تو حکومت نے یہ رول الیکشن کمیشن کو دے دیا۔فواد چوہدری
اسلام آباد ( اردو نیوز ) وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں منعقد ہونیوالے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ نے انتخابی اصلاحات کے دوآرڈیننس کی منظوری دےدی ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن انتخابات
میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کرسکے گا اور سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کی سہولت کا بندوبست کرےگا۔اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے،مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا نہیں چاہتے، امید ہے کہ بلاول اور شہباز شریف خوش ہوں گے ، کیوں کہ وہ یہ مطالبہ کررہے تھے کہ الیکشن کمیشن کو یہ رول دیا جائے ،تو حکومت نے یہ رول الیکشن کمیشن کو دے دیا۔وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ لوگ پارلیمان کا کردار نہیں دیکھتے ، سو کر اٹھتے ہیں اور عمران کی مخالف بیان داغ دیتے ہیں ، بلاول اور مریم کی صورت میں نابالغ سیاست ہم پر مسلط ہوگئی ہے ۔
برطانیہ میں مقیم پاکستانی نژاد شہریوں نے حکومت پاکستان کے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیئے جانے سے متعلق فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے تارکین وطن پاکستانیوں کے مادر وطن سے رابطے مضبوط تر ہو ں گے، جمہوری عمل اور فیصلہ سازی میں انہیں شرکت کا موقع ملے گا، تارکین وطن کی حوصلہ افزائی سے ملک میں سرمایہ کاری اور ترسیلات زر کی آمد میں اضافہ ہو گا۔
مانچسٹر میں 25سال سے مقیم ڈاکٹر حیدر عباس نے کہا کہ میں جنرل فزیشن ہوں اور اس بات کی بھرپور حمایت کرتا ہوں کہ بیرون ملک جتنے بھی پاکستانی ہیں انہیں ووٹ کا حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جتنے بھی تارکین وطن ہیں ان کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہماری ہمدردیاں ہمیشہ سے پاکستان کے لئے ہیں یہ خبر سن کر خوشی ہوئی کہ حکومت تارکین وطن پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے جا رہی ہے اس اقدام سے ہماری حوصلہ افزائی ہو گی اور پہلے سے بڑھ کر ملک میں سرمایہ کاری بھی کریں گے۔
Overseas Pakistanis Voting Right