پاکستانی اوورسیز فورم نے اوورسیز ووٹ کے حق میں سفارتی سطح پر عالمی مہم شروع کر دی
نیویارک میں پاکستان اوورسیز فورم کے چئیرمین شاہد رضا رانجھا اور وائس چئیرمین دیوان غلام مصطفی نے قونصل جنرل عائشہ علی سے ملاقات کرکے اوورسیز ووٹ کے بارے یاداشت پیش کی
نیویارک (اردونیوز) امریکہ سمیت دنیا کے اہم ممالک میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم ”پاکستان اوورسیز فورم “ نے آئندہ الیکشن میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے ووٹ کے حق کو یقینی بنانے کے سلسلے میں عالمی سطح پر سفارتکاروں سے روابط، ان تک یا داشت پہنچانے اور ووٹ کا حق نہ دئیے جانے کی صورت میں اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے کی مہم شروع کر دی ہے ۔
اس سلسلے میں نیویارک میں پاکستان اوورسیز فورم کے چئیرمین شاہد رضا رانجھا اور وائس چئیرمین دیوان غلام مصطفی نے قونصل جنرل عائشہ علی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں انہوں نے محترمہ عائشہ علی کو پاکستان اوورسیز فورم اور پاکستانی اوورسیز کمیونٹی کی جانب سے ایک یاداشت پیش کی جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق سے متعلق ، اوورسیز کمیونٹی کے مطالبات ، حکومتی اقدامات کے بارے تحفظات اور ووٹ کا حق نہ ملنے کی صورت میں احتجاج کے حوالے سے اہم امور درج تھے ۔
شاہد رانجھا اور دیوان غلام مصطفی نے قونصل جنرل سے ملاقات کے بعد جاری کردہ اپنی ایک پریس ریلیز میں کہا کہ قونصل جنرل نے وعدہ کیا ہے کہ وہ پاکستان اوورسیز فورم کی یاداشت ، پاکستان میں متعلقہ حکام کو بھجوا دیں گی اور پاکستان سے جو بھی جواب موصول ہو گا، اس سے بھی فورم کو آگاہ کریں گی ۔
شاہد رانجھا اور دیوان غلام مصطفی کا کہنا ہے کہ پاکستان اوورسیز فورم نیویارک، امریکہ کی طرح دنیا کے 45اہم ممالک میں موجود پاکستانی اعلیٰ سفارتی حکام کو مذکورہ یا داشت پیش کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دیا گیا تو جیسا کہ ہم نے اعلان کر رکھا کہ ہے کہ دنیا کے اہم ممالک کے ساتھ ساتھ اوورسیز پاکستانی ، پاکستان جا کر بھی پارلیمنٹ ، سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کریں گے اور دھرنا دیں گے ۔