نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مسلم اور پاکستانی امریکن پولیس آفیسرز
انسپکٹر عدیل رانا، کیپٹن وحید اختر اور ڈیٹیکٹو روحیل خالد نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کل ملا کر پونے چار ہزار مسلم اور پاکستانی امریکن پولیس آفیسرز کی نمائندہ تنظیموں کے اہم قائدین میں شامل ہیں

نیویارک ( محسن ظہیر سے ) نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کا شمار امریکہ کے سب سے بڑے پولیس ڈیپارٹمنٹ میں ہوتا ہے جس میں 36ہزار سے زائد یونیفارم اور 19ہزار سے زائد سویلین ملازمین خدمات انجام دیتے ہیں ۔ امریکہ کے سب سے بڑے پولیس ڈیپارٹمنٹ میں بڑی تعداد میں مسلم اور پاکستانی نژاد امریکن پولیس آفیسرز بھی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ زیر نظر تصویر میں (دائیں سے بائیں ) انسپکٹر عدیل رانا ہیں جو کہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں انسپکٹر کے عہدے پر پہنچنے والے سب سے پہلے پاکستانی امریکن پولیس آفیسر ہیں ۔ انسپکٹر عدیل رانا ، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں مسلم امریکن پولیس آفیسرز کی نمائندہ تنظیم ”مسلم آفیسرز سوسائٹی “ ( NYPD MOS) کے تین ٹرم تک مسلسل صدر رہے اور گرانقدر خدمات انجام دیں ۔نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تین ہزار سے زائد مسلم امریکن خدمات انجام دے رہے ہیں اور مسلم آفیسرز سوسائٹی ان پولیس آفیسرز اور حکام کی نمائندہ تنظیم ہے ۔
زیر نظر تصویر میں ( درمیان ) میں ڈیٹیکٹو روحیل خالد ہیں جو کہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں خدمات انجام دینے والی پاکستانی امریکن پولیس آفیسرز کی نمائندہ تنظیم ”پاکستانی امریکن لاءانفورسمنٹ سوسائٹی “ (NYPD PALS) کے پریذیڈنٹ ہیں ۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تقریبا ساڑھے چھ سو پاکستانی امریکن پولیس آفیسرز خدمات انجام درہے ہیں ۔
زیر نظر تصویر میں ( بائیں جانب) کیپٹن وحید اختر ہیں ۔ کیپٹن وحید اختر کو اعزاز حاصل ہے کہ وہ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کیپٹن کے عہدے پر پروموٹ ہونے والے پہلے پاکستانی امریکن ہیں ۔ کیپٹن وحید اختر ، اس وقت نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں مسلم امریکن پولیس آفیسرز کی نمائندہ تنظم مسلم آفیسرز سوسائٹی کے پریذیڈنٹ ہیں ۔ کیپٹن وحید اختر کے مطابق ، 20سال پہلے جب انہوں نے پولیس ڈیپارٹمنٹ جوائن کیا ، اس وقت ڈیپارٹمنٹ میں پاکستانی اور مسلم آفیسرز بالخصوص ایگزیکتو کی تعداد بہت کم تھی لیکن اس وقت نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ مین 51مسلم امریکن پولیس آفیسرز ، ایگزیکٹو پوسٹوں پر تعینات ہیں اور خدمات انجام دے رہے ہیں ۔
مسلم اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کا کہنا ہے کہ انہیں پولیس ڈیپارٹمنٹ میں خدمات انجام دینے والے اپنے ہیروز کی خدمات پر فخر ہے اور وہ نہ صرف ان کی بلکہ خدمات انجام دینے والے تمام آفیسرز کی ترقی ، سلامتی کے لئے ہمیشہ دعا گو ہیں ۔