نیویارک میں ٹریفک رش کے دوران گاڑی چلانے کی فیس ادا کرنا ہو گی
Starting January 5, 2025, New York to Introduce Congestion Relief Zone Toll During Rush Hours
نیویارک شہر میں طویل عرصے سے زیرِ التوا ٹریفک کنجیشن پرائسینگ(رش کے اوقات ) پروگرام 5 جنوری 2025 سے نافذ ہونے جا رہا ہے
نیویارک(اردو نیوز) نیویارک شہر میں طویل عرصے سے زیرِ التوا ٹریفک کنجیشن پرائسینگ(رش کے اوقات ) پروگرام 5 جنوری 2025 سے نافذ ہونے جا رہا ہے، جس میں پہلے سے کم نرخ مقرر کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت مرکزی کاروباری علاقے (60ویں اسٹریٹ کے نیچے) میں داخل ہونے والے ڈرائیورز کو رش کے اوقات میں $9 ادا کرنا ہوں گے۔ گورنر کیتھی ہوچل نے آٹھ ماہ کی تاخیر کے بعد منصوبے کو دوبارہ فعال کیا اور مسافر گاڑیوں کے لیے اصل $15 ٹول کو کم کرکے $9 کر دیا۔ ٹرکوں کے لیے چارجز ان کے سائز کے مطابق 14.40ڈالرز سے 21.60ڈالرز کے درمیان ہوں گے۔ 2025 میں دیگر ٹولز میں بھی اضافہ ہوگا۔ پورٹ اتھارٹی کراسنگز، جن میں جارج واشنگٹن برج اور ہالینڈ اور لنکن ٹنلز شامل ہیں، پر ”ای زی پاس“رکھنے والے مسافروں کے لیے رش کے اوقات میں ٹول16.06 ڈالرز ہوگا، جبکہ بغیر ”ای زی پاس“والے ڈرائیورز کو 18.31 ڈالرز دینا ہوں گے۔
اسی دوران نیو جرسی ٹرن پائیک پر بھی پانچویں سالانہ 3 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایف ڈی آر ڈرائیو یا ویسٹ سائیڈ ہائی وے سے گزرنے والے ڈرائیورز سے کوئی ٹول وصول نہیں کیا جائے گا۔ تاہم، جو گاڑیاں رش کے اوقات میں کنجیشن زون میں داخل ہوں گی (ہفتہ کے دن صبح 5 بجے سے رات 9 بجے تک اور ویک اینڈ پر صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک)، ان پر روزانہ چارجز لاگو ہوں گے۔ غیر رش کے اوقات میں مسافر گاڑیوں کے لیے ٹول 2.25 ڈالرز ہوگا، جبکہ ٹرکوں سے 3.60 ڈالرز سے 5.40 ڈالرز کے درمیان چارج کیا جائے گا۔ موٹرسائیکل سواروں کو رش کے اوقات میں 4.50 ڈالرز اور غیر رش اوقات میں 1.05 ڈالرز ادا کرنا ہوگا۔ اس منصوبے میں کچھ گاڑیوں کے لیے استثناءشامل ہے، جن میں اسکول بسیں، کمیوٹر وینز، اور ایمرجنسی سروسز شامل ہیں۔ کم آمدنی والے ڈرائیورز کے لیے خصوصی رعایت دی گئی ہے، جس کے تحت کیلنڈر مہینے میں گیارہویں سفر کے بعد 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ کنجیشن پرائسینگ کے نرخ 2028 میں12 ڈالرز اور 2031 میں 15 ڈالرز تک بڑھائے جائیں گے۔ یہ پروگرام مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، جن میں نیو جرسی کی جانب سے عدالت میں مقدمات اور پروگرام کے اثرات پر مزید مطالعے کا مطالبہ شامل ہیں۔ مزید برآں، نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے کے بعد اس منصوبے کو ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے، حالانکہ اس وقت تک یہ نافذ ہو چکا ہوگا۔ یہ منصوبہ ٹریفک کو کم کرنے اور عوامی ٹرانزٹ میں بہتری کے لیے فنڈز فراہم کرنے کا مقصد رکھتا ہے، لیکن اس کے مالی اور لاجسٹک اثرات پر بحث ابھی جاری ہے۔
Starting January 5, 2025, New York to Introduce Congestion Relief Zone Toll During Rush Hours