رینٹل ریلیف پروگرام ، نیوجرسی کے مالی مشکلات کے شکار کرائیہ داروں کو کیا جاننا ضروری ہے
رینٹل ریلیف پروگرام کے تحت سٹیٹ سے اپلائی کرنے کی آخری تاریخ 15دسمبر ہے جبکہ بے دخلی موقوف حکمنامے سے تحفظ 31دسمبر کو ختم ہو رہاہے
نیوجرسی (محسن ظہیر سے)نیوجرسی میں مقیم پاکستانی امریکن کمیونٹی کے بہت کم ارکان کو علم تھا کہ نیوجرسی سٹیٹ اور مختلف کاو¿نٹیز کی سطح پر کورونا وبا کی وجہ سے مالی مشکلات کے شکار کرائیہ دار ، سٹیٹ اور کاؤنٹیز کی سطح پر موجود فنڈز کے حصول کے اہل ہیں اور مالی مدد کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں ۔ اس علمی کی ایک اہم وجوہات ، امیگرنٹ کمیونٹی میں اہم امور کے بارے میں کم آگاہی اور زبان جیسے معاملات ہیں ۔ نیوجرسی سٹیٹ میں 15دسمبر آخری تاریخ ہے کہ محدود آمدن والے اور مالی مشکلات کے کرائیہ دار سٹیٹ سے مالی مدد کے لئے اپلائی کر سکیں یاکم از کم آن لائن اپلائی کر سکیں ۔تاہم ابھی بھی ریاست کی مختلف کاؤنٹیز کی سطح پر مقامی رہائشیوں کے لئے کرائیہ کی مد میں مالی امداد کی درخواستیں موصو ل کی جار ہی ہیں ۔
شمع حیدر جو کہ حال ہی میں نیوجرسی کے اسمبلی ڈسٹرکٹ37سے اسمبلی وومین منتخب ہوئی ہیں، کو بھی رینٹ ریلیف پروگرام کے بارے میں کوئی خاص آگاہی نہیں ۔ شمع حیدر کا کہنا ہے کہ میں نے ابھی اسمبلی وومین کے عہدے کا حلف اٹھانا ہے اور میں نیوجرسی کے لوگوں کے مسائل کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی حاصل کرنے کی کوشش میں ہوں ۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ میں سمجھتی ہوں کہ امیگرنٹ کمیونٹیز میں اہم مواقع کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پید اکرنے کی ضرورت ہے
نصرت سہیل جو کہ سنٹرل جرسی کی رہائشی ہیں اور ایک نجی سکول میں پڑھاتی ہیں کا کہنا ہے کہ وہ بھی شمع حیدر سے اتفاق کرتی ہیں کہ ہمیں اپنی کمیونٹی میں لوگو ں میں زیادہ سے زیادہ مواقع کے بارے میں آگاہی پید اکرنے کی ضرورت ہے ۔
نیوجرسی سٹیزن ایکشن کمیٹی کی انٹی پاورٹی پروگرام کی ڈائریکٹر رین کاو¿ بائیڈیز کا کہنا ہے کہ 15دسمبر تک نیوجرسی کے ایسے کرائیہ دار کہ جو کورونا وبا کے دوران اپنے کرائیہ ادا نہیں کر سکے ، وہ اگر نیوجرسی سٹیٹ کے رینٹل ریلیف پروگرام میں اپلائی کریں تو مالی امداد کے لئے کرائیہ داروں کا انتخاب بذریعہ لاٹری کیا جائے گا تاہم جن درخواست گذاروں کے نام لاٹری میں نہیں آئیں گے ، ان کے نام سٹیٹ کو مزید فنڈز کی فراہمی کی دستیابی کی صورت میں آئندہ رینٹل ریلیف پروگرام میں زیر غور آئیں گے ۔
رین کاو¿ بائیڈیز کا کہنا ہے کہ نیوجرسی میں امیگرنٹ کمیونٹی اور ”پیپل آف کلر“ کے ارکان کرائیہ کی عدم ادائیگی کی صورت میں مکانوں سے بے دخلی کے معاملات سے بڑی حد تک متاثر ہو نے کا امکان ہے ۔
نیوجرسی سٹیٹ کی بعض کاو¿نٹیز ، رینٹل ریلیف پروگرام کے سلسلے میں مزید درخواستیں موصول نہیں کر رہی ہیں تاہم نیو آرک میں سات جنوری تک درخواستیں موصول کی جا رہی ہیں ، جرسی سٹی کی جانب سے گذشتہ اکتوبر کے بعد سے درخواستوں کی وصولی بند کر دی گئی ہے ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیوجرسی میں نیا قانون کرائیہ دار گھرانوں کو مختلف آمدن کی سطح کے لحاظ سے کرائیوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں بے دخلی سے تحفظ فراہم کرتا ہے ۔رینٹل ریلیف پروگرام کے تحت مالی مدد حاصل کرنے والے گھرانوں یا افراد کو ”انکم سیلف سرٹفکیشن فارم “ بھرنا ہوگا جو کہ درج ذیل لنک پر دستیاب ہے
”https://covid19.nj.gov/renter“۔اس فارم میں درخواست گذار کا اس بات کی تصدیق کرنا ہوگی کہ وہ کورونا وبا کی وجہ سے متاثر ہوا ہے، وہ رینٹل اسسٹنٹس کا اہل ہے اور درخواست گذار کو مزید کچھ سوالات کے جواب بھی دینا ہوں گے ۔
واضح رہے کہ 19مارچ 2020میں نیوجرسی کے گورنر فل مرفی نے ایگزیکٹو آرڈر نمبر106جاری کیا جس کے تحت ریاست بھر میں بے دخلی کو معطل کر دیا گیا تھا ۔گورنر کے اس اقدام کو ”بے دخلی موقوف“(eviction moratorium) قرار دیا گیا تھا ۔ اس اقدام کے تحت بیشتر کرائیہ داروں کے بارے میں کہا گیا تھا کہ انہیں کرائیوں کی عدم ادائیگی کی صورت میں بے دخل نہیں کیا جا سکے گا۔
چاراگست 2021کو گورنر مرفی نے قانون پی ایل 2021(سی ، 188) پر دستخط کئے جو کہ کرائیہ داروں اور پراپرٹی مالکان سے متعلق تھا ۔ یہ نیا قانون ایگزیکٹو آرڈر 106 میں عائد بے دخلی کی روک تھام کو ختم کرتا ہے اور کرایہ دار گھرانوں کو دیگر تحفظات فراہم کرتا ہے جنہوں نے وبائی امراض کے دوران معاشی مشکلات کا سامنا کیا۔ریاست سے بے دخلی کی پابندی اس بات پر اثر انداز نہیں ہوتی کہ کیا کرایہ واجب الادا ہے۔ کرایہ دار اب بھی کرایہ پر واجب الادا ہیں۔ موقوف عدالتی کارروائیوں کو بھی نہیں روکتا – اس کے بجائے، یہ لاک آو¿ٹ اور ہٹانے سے روکتا ہے۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ نیوجرسی سٹیٹ میں اگر کوئی کرائیہ دار ، کرائیوں کی ادائیگی میں پیچھے ہے اور کاؤنٹی کہ جس میں وہ رہائش پذیر ہے کی ”ایریا میڈن انکم (اے ایم آئی ۔Area Median Income (AMI)) 80فیصد سے کم ہے ، تو اُس کرائیہ دار کو 31دسمبر 2021کو بے دخلی سے موقوف کا عرصہ ختم ہونے کے بعد بھی مکان سے بے دخل نہیں کیا جا سکتا۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ نیوجرسی کی عدالتوں میں زیر سماعت کیسوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہو ا ہے اورایڈمنسٹریٹو آفس آف دی کورٹس کے مطابق تین نومبر تک کے اعداد و شمار کے مطابق عدالتوں میں کرائیہ داروں کی بے دخلی کے 55ہزار کیس زیر سماعت ہیں ۔
نیوجرسی ریاست کی جانب سے سات اکتوبر تک 34ہزار خاندانوں کو 137ملین ڈالرز کی ادائیگی ہو چکی ہے ۔