بغیر رجسٹریشن پاکستان کےلئے لابنگ،ڈاکٹر نثار احمد چوہدری کا اقرار جرم
یو ایس جسٹس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق نثار احمد چوہدری FARAایکٹ کے تحت خود کو رجسٹرڈ کروائے بغیر امریکہ میں پاکستان کے لئے لابنگ کررہے تھے
واشنگٹن (اردو نیوز )امریکی دارلحکومت میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے ایک سینئر اور متحرک رہنما ڈاکٹر نثار احمد چوہدری امریکی محکمہ انصاف کے قوانین اور تقاضوں کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار دئیے گئے ہیں اور انہوں نے اقرار جرم بھی کر لیا ہے ۔ اس بات کا اعلان یو ایس جسٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کیا گیا جس کے مطابق نثار احمد چوہدری امریکہ میں فارن ایجنٹ رجسٹریشن ایکٹ (فارا) کے تحت خود کو رجسٹرڈ کروائے بغیر امریکہ میں پاکستان کے لئے لابنگ کررہے تھے ۔71سالہ نثار احمد خان نے اپنے خلاف ان الزامات کو قبول کر لیا ہے ۔اس جرم میں انہیں زیادہ سے زیادہ پانچ سال تک کی سزا ہو سکتی ہے ۔ ان کی سزا کا تعین یو ایس ڈسٹرکٹ جج آئندہ دو ماہ تک کریں گے ۔
نثار چوہدری کے اعترافی بیان پر وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار شجاع نواز نے کہا ہے نثار چوہدری کو اپنے آپ کو فارن ایجنٹ رجسٹریشن ایکٹ کے تحت رجسٹر کرانا چاہیے تھا۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بیرونی ملک کے مفادات کے لیے کام کرنے والوں کو عموماً ڈاک یا ٹیلی فون کے ذریعے یہ یادہانی کرائی جاتی ہے کہ وہ 1938 کے قانون کے تحت اپنا اندارج کرائیں۔
امریکی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ ایکٹ ایک طویل عرصے سے موجود ہے لیکن اس کا اطلاق بہت مدت کے بعد کیا گیا ہے۔ری پبلکن پارٹی کے عہدے دار طلعت رشید کہتے ہیں کہ نثار چوہدری پاکستان کے حق میں تقاریر کرتے رہتے تھے اس لیے ضروری تھا کہ وہ قانون کے مطابق غیرملکی ایجنٹ کے طور پر اپنا اندارج کراتے۔
پاکستانی امریکن کانگریس کے نام سے کمیونٹی کی ایک نمائندہ تنظیم جو کہ گذشتہ کچھ سالوں سے دو دھڑوں میں بٹ گئی ہے ، کے پلیٹ فارم سے واشنگٹن ڈی سی میں ”ایک دن کیپیٹل ہل پر “ کے نام سے ایک یا دو روزہ کانفرنس منعقد کی جاتی تھیںجن میں ایک دھڑے کے زیر اہتمام ہونیوالی کانفرنس میں بالعموم ڈاکٹر نثار احمد چوہدری ماڈریٹر کے فرائض انجام دیتے تھے ۔
پاکستانی امریکن کانگریس کے سابق صدر ڈاکٹر اشرف عباسی کی جانب سے اپنے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی امریکن کانگریس کو ڈاکٹر نثار احمد چوہدری کی جسٹس ڈیپارٹمنٹ کے قوانین کی خلاف ورزی کے معاملات کے حوالے سے کسی کردار کا کوئی علم نہیں تھا لہٰذا تنظیم ان کے کسی بھی ایسے کردار سے اپنی لاتعلقی کا اعلان کرتی ہے ۔