امریکہ سے خالق اعوان اور لطیف چوہدری نے نواز شریف کے ساتھ پاکستان تک سفر کیا
ابو ظہبی (اردو نیوز ) پاکستان مسلم لیگ (ن) یو ایس اے سے تعلق رکھنے والے دو لیگی ارکان عبدالخالق اعوان اور لطیف چوہدری بھی ان لیگی مسافروں میں شامل تھے کہ جنہوں نے سابق وزیر اعظم میاںنواز شریف کی گرفتاری دینے کے لئے لندن سے لاہور جانیوالی اتحاد ائیر ویز کی پرواز میں سفر کیا ۔عبدالخالق اعوان نیویارک سے ابو ظہبی پہنچے جہاں انہوں نے اس فلائٹ میں میاںنواز شریف کو جوائن کیا کہ جس میں وہ ابو ظہبی سے لاہور کے لئے روانہ ہوئے ۔
بتایا گیا ہے کہ پرواز میں لیگی ارکان ووٹ کو عزت دو سمیت میاں نواز شریف کے حق میں نعرہ بازی کرتے رہے ۔فلائٹ جب لاہور ائیرپورٹ پر پہنچی تو عبدالخالق اعوان جو کہ اکنامی کلاس میں تھے، نے فرسٹ کلاس میں جانے کی کوشش کی لیکن انہیں ائیر لائین حکام نے روک دیا جس پر انہوں نے آگے بڑھنے کی کوشش کی جس پر انہیں عملے کی جانب سے زور سے روکا گیا تو وہ مبینہ طور پر گر گئے اور انہوں نے شکایت کی کہ ان کی حالت غیر ہو گئی ہے اور انہیں شوگر اور بلڈ پریشر کی تکلیف محسوس ہو رہی ہے ۔
اس صورتحال کی وجہ سے جہاز میں صورتحال پیدا ہو گئی ، عبدالخالق اعوان کو اٹھا کر فرسٹ کلاس میں میاں نواز شریف کے پاس موجود سیٹ پر بٹھا دیا گیا اور شوگر کم ہونے کی شکایت پر انہیں جوس دیا گیا ۔کچھ دیر کے بعد انہوں نے طبیعت بہتر ہونے کا اشارہ دیا ۔
اس دوران جب نیب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام جہاز میں میاں نواز شریف اور مریم نواز کو لے جانے کے لئے داخل ہوئے تو عبدالخالق اعوان نے انہیں کہا کہ انہیں کوئی حق نہیں کہ وہ جہاز کے اندر داخل ہوں ،سب کو اچھی طرح معلوم ہے کہ میاں نواز شریف اپنی بیٹی کے ہمراہ خو گرفتاری دینے کےلئے پاکستان واپس آئے ہیں ۔
خالق اعوان کا کہناہے کہ وہ 25جولائی تک پاکستان میں قیام کریں گے اور پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے ۔