
کراچی (اردو نیو) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں کراچی کے نوجوان مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تفتیش اور پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کی، جبکہ اجلاس میں کمیٹی کے دیگر اراکین، ایم این اے آغا رفیع اللّٰہ، خواجہ اظہار الحسن، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی جی اے این ایف، ڈائریکٹر ایف آئی اے، سیکریٹری ایکسائز سندھ اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مختلف پہلوؤں ، ممکنہ پس پردہ عوامل اور اسباب پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ آئندہ اجلاس میں مزید ضروری تفصیلات طلب کی جائیں گی اور متعلقہ اداروں سے سوال و جواب کیے جائیں گے۔اجلاس کے دوران آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر، ڈائریکٹر انفورسمنٹ بریگیڈیئر عمران علی، ڈائریکٹر ایف آئی اے نعمان صدیقی اور سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سلیم راجپوت نے کمیٹی کو کیس کی تحقیقات، منی لانڈرنگ، منشیات مافیاز اور دیگر جرائم کے بارے میں تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔
کمیٹی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کیس کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات جاری رکھنے اور تمام حقائق کو سامنے لانے کی ہدایت کی۔ مزید برآں، اجلاس میں کراچی میں بڑھتے ہوئے جرائم اور ان کے تدارک کے لیے مزید سخت اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
Mustafa Amir murder case