اوورسیز پاکستانیز

جامع مسجد نور القرآن بروکلین میں اتحاد بین المسلمین کا شاندار مظاہرہ

خادم القرآن قاری محمد اعجازکی مسجد میں مخدوم سید تصور الحسن شاہ گیلانی نے نماز جمعہ کا خطبہ دیا، اہل تشیع کمیونٹی کے عالم دین ڈاکٹر سخاوت حسین سندرالوی نے نماز جمعہ ادا کیا

قاری اعجاز احمد نے نماز جمعہ پڑھائی بعد ازاں مخدوم تصور الحسن شا ہ گیلانی نے دعا کروائی ،اللہ اور اس کے رسول کریم ﷺ کی تعلیمات اور امت میں اتحاد و بھائی چارے کے فروغ پر زور

نیویارک (اردو نیوز) نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی کے بروکلین میں واقع جامع مسجد نور القرآن میں گذشتہ جمعہ کو اتحاد بین المسلمین کا شاندار مظاہرہ اس وقت دیکھنے میں آیا کہ جب مسجد میں اہل سنت اور اہل تشیع کے امام صاحبان نے ایک ساتھ ملکر نماز جمعہ ادا کی اور دین اسلام کی سربلندی اور امت کے اتحاد کےلئے ایک ساتھ دست دعا بلند کرکے دعا کی اور زوردیا کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھنے کی دین اسلام کی بنیادی و اہم ترین تعلیم و حکم پر ہر حالت میں عمل پیرا ہوں ۔
امام و خطیب خادم القرآن قاری محمد اعجاز کی جانب سے معروف عالم دین مخدوم سید تصور الحسن شاہ گیلانی کو جامع مسجد نور القرآن میں خطبہ جمعہ کی دعوت دی گئی۔وکیل اہل بیت ؑ و المہدی سنٹر بروکلین(نیویارک) کے امام ڈاکٹر علامہ سخاوت حسین سندرالوی جن کے سید تصور الحسن شاہ گیلانی کے ساتھ دیرینہ پاکستان سے گہرے تعلقات ہیں، کوجب معلوم ہو ا کہ وہ نماز جمعہ کا خطبہ دے رہے ہیں تو انہوں نے کہا کہ میں جمعہ آپ کے ہاں پڑھوں اور سید تصور الحسن شاہ گیلانی سے ملاقات بھی کروں ۔جب علامہ سخاوت سندرالوی مسجد میں داخل ہوئے تو مخدوم سید تصور الحسن گیلانی نے ان کا شکرئیہ ادا کیا اور دیرینہ تعلقات کا ذکر بھی کیا ۔

Qari Ijaz, Sakhawat Sandralvi, Tasawar ul Hassan Gillani (1)

نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے مخدوم سید تصور الحسن شاہ گیلانی نے خطاب کیاجس میں انہوں نے نبی کریم، سرور کونین، آقا دو جہاں ، رحمت دو عالم حضرت محمد مصطفیﷺ کی اللہ تعالیٰ اور دین الٰہی کی تعلیمات کے اہم پہلووں اور اہل بیت اطہار ؑ کے دین اسلام میں مقام و مرتبہ و فضائل پر مفصل اندازمیں روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھنا ہی دین الٰہی اور آقا کریم کے احکامات پر عملدار کا احسن اور کامیاب ترین طریقہ ہے اور یہی ہماری دنیا و آخرت بھی سنوارے گا۔ڈاکٹر علامہ سخاوت حسین سندرالوی نے کہا کہ وہ عمر بھر اتحاد بین المسلمین کے داعی رہے ہیں اور انشاءاللہ رہیں گے۔خطبہ جمعہ کے بعد قاری محمد اعجاز نے نماز جمعہ پڑھائی جبکہ انکی امامت میں مخدوم تصور الحسن شاہ گیلانی اور ڈاکٹر سخاوت حسین سندرالوی سمیت بڑی تعداد میںنمازیوں نے نماز جمعہ ادا کی بعد ازاں مخدوم تصور الحسن شاہ گیلانی نے خصوصی دعا کروائی ۔نماز جمعہ کے بعد نمازیوں نے امام صاحبان سے ملاقات کی اور کہا کہ ان کے لئے یہ ایک تاریخی نماز جمعہ بن گئی ہے ۔
نماز جمعہ کے بعد گلاب بانو اسلامک سنٹر کے سربراہ ڈاکٹر عبدالواحد کے ماموں مرحوم کی مغفرت کے لئے خصوصی دعا اور فاتحہ خوانی کی گئی


٭٭

Related Articles

Back to top button