نیویارک میں 25ستمبر کو مسلم ڈے پریڈ ہو گی
کورونا وبا کی وجہ سے تین سال کے تعطل کے بعد اس سال مسلم امریکن کمیونٹی کا نیویارک میں مسلم ڈے پریڈ بھرپور طریقے سے منعقد کرنے کا فیصلہ
نیویارک(اردونیوز) کوونا وبا کیوجہ سے گذشتہ تین سال سے نیویارک میں تعطل کا شکار رہنے والی مسلم ڈے پریڈ کو اس سال 25ستمبر کو بھرپور طریقے سے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ مسلم فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام گذشتہ38سالوں سے نکالی جانیوالی مسلم ڈے پریڈ کا آغاز 25ستمبر کو دوپیر ٹھیک ایک بجے میڈیسن ایونیو سے ہو گا۔پریڈ کا آغاز نماز ظہر ادا کرنے کے بعد ہوگا ۔ شرکاءمیڈیسن ایونیو پر پریڈ کرتے ہوئے 24سٹریٹ تک جائیں گے جہاں پر پریڈ کی تقریب منعقد ہو گی ۔
مسلم فاو¿نڈیشن کے عین الحق نے کہا کہ ہم نے تمام اسلامک سنٹرز کے امام صاحبان ، مسلم امریکن کمیونٹی کے قائدین ، سماجی و کمیونٹی تنظیموں کے قائدین ، اسلامک سکولز کی انتظامیہ سمیت پوری کمیونٹی کو پریڈ میں شرکت کی دعوت دی ہے اور اپیل ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ پریڈ میں شریک ہوں ۔
مسلم فاؤنڈیشن کے پریذیڈنٹ میاں فیاض کے مطابق ہم تمام مسلم امریکن کمیونٹی کے قائدین اور تنظیموں سے اپیل کریں گی وہ مسلم ڈے پریڈ میں شریک ہوں ۔یہ وقت ہے کہ ہم سب کو ملکر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہئیے اور اپنا اجتماعی کردارادا کرنا چاہئیے ۔ میاں فیاض نے کہا کہ مسلم ڈے پریڈ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے کہ جہاں مسلم کمیونٹی متحد ہو کر نہ صرف اپنا انفرادی بلکہ اجتماعی کردار ادا کرسکتی ہے اور اپنے مشترکہ مقاصد کے حصول کو بھی یقینی بنا سکتی ہے ۔
کمیونٹی قائدین امام شمسی علی ، میاں شبیر گل ، نعیم بٹ ،اٹارنی فارس فیاض نے کہا کہ مسلم کمیونٹی کے قائدین اور ارکان ، 25ستمبر کو اپنے ساتھیوں اور کمیونٹی ارکان بالخصوص یوتھ ارکان کے ساتھ بڑی تعداد میں پریڈ میں شریک ہوں ۔
پریڈ کمیٹی کے قائدین نے کہا کہ انشاءاللہ اس سال نیویارک سٹی میں عظیم الشان مسلم ڈے پریڈ ہو گی اور اس کی کامیابی کو یقینی بنانے میںمسلم کمیونٹی ہمارے دست و باز و بنیں۔