شاعر،براڈ کاسٹراور سماجی شخصیت مشیر طالب نیویارک میں انتقال کر گئے
مشیر طالب کچھ عرصہ قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے، 28اپریل کو وہ مسلسل کئی دن زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے
نیویارک (اردونیوز ) پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی معروف ادبی و سماجی شخصیت اور شاعر مشیر طاہر انتقال کر گئے۔ وہ کچھ عرصہ قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئے اور علالت کی وجہ سے ہسپتال داخل ہو گئے جہاں مسلسل علاج کے باوجود ان کی صحت بہتر نہ ہو سکی اور 28اپریل کو وہ مسلسل کئی دن زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔
مشیر طالب کے قریبی دوست کامل احمر نے اپنی فیس بک پوسٹ پر مشیر طالب کے انتقال کی اطلاع دیتے ہوئے لکھا کہ خوش دل، خوش مزاج ،خوش پوشاک ،مشیر طالب معروف شاعر،براڈ کاسٹر اور ادبی حلقوں کی رونق ہمارے ہردل عزیز پیارے دوست رمضان المبارک کے مبارک مہینہ میں اللہ کو پیارے ہوگئے ۔وہ سب کے لئے اپنی یادیں چھوڑ گئے ۔
کامل احمر کا کہنا تھا کہ مشیر طالب کہتے تھے کہ زندگی میں کچھ ایسا کام کرو جو دنیا یاد کرے ۔ انہوںنے کہا کہ مشیر طالب کے جانے کے بعدوہ یقینا ایک نہیں، سینکڑوں ایسی باتیں چھوڑ گئے ہیں کہ انھیں بھلایا نہیں جاسکتا۔مشیر طالب نیویارک کی ادبی محفلوں کی رونق تھے ۔