احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کے پیچھے سازش ہے ، نواز شریف کے بعد یکے بعد دیگرے ان کے اہم ساتھیوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے ، مشاہد اللہ کی نیویارک میں بات چیت
نیویارک (محسن ظہیر سے ) وفاقی وزیر ماحولیات مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے عمر بھر ختم نبوت کے لئے جدوجہد کی ہے ، ان پر قاتلانہ حملے کے پیچھے کوئی سوچی سمجھی سازش ہے ۔یہ بات انہوں نے نیویارک پہنچنے کے بعد ائیرپورٹ سے اپنے ہوٹل کی طرف جاتے ہوئے مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ امریکہ کے رہنما ملک خرم کے فیس بک پر پوسٹ کی جانیوالی اپنی لائیو ویڈیو میں کہی ۔ مشاہد اللہ کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ افسوسناک اور قابل مذمت بات ہے۔ انہوں نے ساری زندگی پر امن اور جمہوری طریقے سے گذاری ہے ۔ان پر اس طرح سے قاتلانہ حملہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے ۔ میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ اس حملے کے پیچھے کوئی نہ کوئی سازش ضرور ہے۔
مشاہد اللہ نے مزید کہا کہ بعض اطلاعات کے مطابق حملے کو ختم نبوت کے مسلہ سے جوڑا گیا ہے ۔ ختم نبوت کا مسلہ احسن اقبال کے ساتھ کیسے جوڑا جا سکتا ہے ۔اس شخص نے ہمیشہ ختم نبوت کےلئے طویل جدوجہد کی ہے ۔ مجھے اس بات کا اس لئے بھی علم ہے کہ میں 1974میں خود بھی ختم نبوت کی جدوجہد کے سلسلے میں جیل میں تھا، دوران حراست مجھ پر تشدد بھی کیا گیا تھا ۔ہم تو وہ لوگ ہیں کہ جنہوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ختم نبوت کے لئے جدوجہد کی تھی ، اس لئے احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کا کسی بھی قسم کا ختم نبوت کے مسلہ سے تعلق کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اصل میں میاں نواز شریف اور ان کے بیانیہ کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں ۔نواز شریف کے بعد ان کے ساتھیوں کو یکے بعد دیگرے ٹارگٹ کیا جا رہاہے ۔ پہلے میاں نواز شریف کو ٹارگٹ کیا گیا، اسحاق ڈار، پرویز رشید ،خواجہ آصف ، دانیال عزیز ، طلال چوہدری کو ٹارگٹ کیا گیا، مجھے بھی ایک وقت میں ٹارگٹ کیا گیا ۔ یہ سب ہماری پارٹی کے اہم ترین لوگ ہیں ۔ان کو ٹارگٹ کرنے کا مقصد آئندہ الیکشن میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنا ہے ۔ایسے ہتھکنڈوں سے کوئی بھی اپنے مذموم مقاصد حاصل نہیں کر سکتا۔ پاکستانی عوام ایک طرف کھڑے ہیں ۔غیر جمہوری قوتیں دوسری طرف کھڑی ہیں ۔یہ غیر جمہوری قوتیں تشدد کا راستہ اختیار کررہی ہیںجو کہ نہ پاکستان اور نہ ان کے حق میں ہے ۔ ہم جمہوری لوگ ہیں ۔ ماضی کی طرح آئندہ بھی قربانی دینے کےلئے تیار ہیں ۔ ہمارے قدم کسی قیمت پر پیچھے نہیں ہٹیں گے ،ہمارے قدم آگے بڑھتے رہیں گے ۔