پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت اقوام متحدہ کے حوالے کر دئیے ہیں ، بھارتی دہشت گردوں کی گرفتار بھی ہوئی ہے ، منیر اکرم کی ہنگامی پریس کانفرنس
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کا جو ”ڈوزیئر “ پیش کیا ہے، وہ اس بار میز پر پڑا نہیں رہے گا، بھارت کے سفاک چہرے سے پردہ اٹھائیں گے
بھارت نے سی پیک منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے پانچ سو ملین ڈالرز کے فنڈز مختص کئے ، ”داعش پاکستان “ بنانے کی سازش کی ، کشمیر ، گلگت بلتستان اور پاکستان میںدہشت گردی کروائی ، منیر اکرم
نیویارک (محسن ظہیر سے ) پاکستان نے انڈیا کی ایماءپر پاکستان میں دہشت گردی کے سفاک واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے، کراچی میں دہشت گردی کے ایک نیٹ ورک کا پتہ چلایا ہے اور بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گریٹس کو ایک ”ڈوزیئر“ کی شکل میں پیش کردئیے ہیں ۔ اس بات کا انکشاف اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندون منیر اکرم نے یہاں پرہجوم پریس کانفرنس میں کیا جس میں انہوں نے مفصل انداز میں بھارت کے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے ، پاکستان میں بھارتی دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی اور سپانسرنگ سمیت دیگر ہولناک واقعات کی تفصیل بیان کی ۔
منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان میں بھارت کی ایماءپر دہشت گردی کرنے والے دو تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے،کچھ ایسے لوگ ہیں کہ جو گرفتار نہیں ہو سکے لیکن ہمیں ان کے دہشت گردی میں کردارسے آگاہی حاصل ہے، ان لوگوں کی دہشت گرد کاروائیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت ڈوزیئر میں پیش کئے گئے ہیں ۔کراچی میں ایک پورے دہشت گرد سیل کو پکڑا گیا ہے۔اب ہمارے پاس بھار ت کے خلاف کافی ثبوت ہیں ۔ کلبھوشن یادیو کا اعترافی بیان بھی ہمارے پاس موجود ہے ۔سب ثبوت پیش کئے ہیں ۔ ڈوزئیر میں جو ثبوت پیش کئے گئے ہیں ، اس کے بعد کوئی شبہ نہیں رہتا ہے کہ ہندوستان دہشت گردی میں ملوث ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں گرفتار کئے جانے والے افراد کے خلاف ایکشن لیں گے ۔ہمارے ادارے کام کررہے ہیں ۔
منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان کے پاس ناقابل تردید ثبوت ہیں کہ انڈیا پاکستان میں دہشت گردی کروارہا ہے، یہ ثبوت ہم نے ایک ”ڈوزئیر“ کی شکل میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پیش کر دئیے ہیں ۔ ہم یہ ”ڈوزئیر “ سلامتی کونسل کے ارکان سمیت اپنے دوست ممالک کے ساتھ بھی شئیر کریں گے تاکہ دنیا کو دہشت گرد بھارت کا سفاک چہرہ دکھایا جایا۔انڈیا پاکستان کو غیر مستحکم کروانے کے لئے نہ صرف پاکستان میں دہشت گردی کروارہا ہے بلکہ عالمی دہشت گرد تنظیموں کو سپانسر بھی کررہا ہے ۔ پاکستان نے انڈیا کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث دو سے تین افراد کو گرفتار کر لیاہے، کراچی میںایک نیٹ ورک کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ایما ءپر دہشت گردی میںملوث ان افراد کے خلاف ہمارے قانون نافذ کرنے والے ادارے ضرور کاروائی کریں گے ۔
منیر اکرم نے ماضی میں پاکستان کی جانب سے انڈیا کے خلاف دئیے گئے ڈوزیئرز کے بارے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں یقین دلاتا ہے کہ ہم نے اس بار جو ”ڈوزیئر “ پیش کیا ہے، یہ کسی کی میز پر پڑا نہیں رہے گا، اس کا بھرپور استعمال ہوگا،عالمی برادری اور انٹرنیشنل پریس کو بھارتی کردار سے آگاہ کریں گے اور جب ہم شکایات درج کروائیں گے تو سب کو معلوم ہو جائے گا کہ ہم مستقبل میں کیا کیا اقدام کریں گے ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں ماضی میں پیش کئے گئے ڈوزئیر کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن ہم نے جو ڈوزئیر پیش کئے ہیں، یہ ایک جامع ڈوزیئر ہے ۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ پشاور کے آرمی سکول میں ہونیوالی دہشت گردی میں انڈین عمل دخل کو ٹریک کیا گیا ہے، چائنا پاکستان اکنامک کاریڈور (سی پیک ) کو غیر مستحکم بنانے کے لئے بھارت کی جانب سے بلوچ سورش پسندوںکے گروپوں کی سپانسر کیا گیا ۔
منیر اکرم نے مزید انکشاف کیا کہ چینی قونصلیٹ کراچی اور سٹاک ایکسچینج کراچی پر ہونیوالے حملوں میں بھی ملوث گروپوں کو انڈیا کی جانب سے فنڈنگ کی گئی ۔انڈیا کی جانب سے طالبان کے منتشر گروپوں اور بلوچ شورش پسندوں کا اتحاد بنانے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے ۔ہمارے پاس واضح ثبوت ہیں کہ انڈین سفارتخانہ اور قونصلیٹ ان گروپوں کو فنڈ نگ کررہے ہیں ۔ان گروپوں کو ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد سے لیس لیا جاتا ہے، ان کو دئیے جانیوالے اہداف میں سی پیک سر فہرست ہے۔
منیر اکرم نے کہا کہ انڈیا انٹیلی جنس ایجنسی ، ننگاہار ،افغانستان میں شرپسند عناصر کی مدد سے نام نہاد ”داعش پاکستان “ نامی تنظیم بنانے کی کوشش میں بھی ہے ۔انہوںنے کہا کہ میں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو جو ڈوزئیر حوالے کیا ہے ، اس میں انڈیا کی جانب سے آزاد کشمیر میں دہشت گردی کے بھی ثبوت فراہم کئے ہیں ۔انڈیا کا یہ کردار سلامتی کونسل ، اقوام متحدہ اور عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انڈین دہشت گرد مہم کے باوجود پاکستان اپنے خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے سلسلے میں اپنے عالمی تعاون کو جاری رکھے گا۔
پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی کاروائیوں کا نوٹس لے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا ہے کہ وہ انڈیا کی جوابدہی کریں اور اسے دہشت گرد کاروائیوں سے روکیں ۔پاکستان ، سلامتی کونسل سمیت متعلقہ ممالک اور حکام کو بھارتی دہشت گرد کاروائیوں کے بارے میں آگاہ کرے گا۔
ایک سوال کے جواب میں منیر اکرم نے کہا کہ انڈیا نے سی پیک پراجیکٹ کو ناکام بنانے کے لئے ، ایک انٹیلی جنس سیل اور پانچ سو ملین ڈالرز مختص کئے ہیں اور اس کا مقصد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کو روکنا ہے ۔وہ اپنی اس کوشش میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔
منیر اکرم نے کہا کہ انڈیا دہشت گردی کا مرکز و محور بنا ہو اہے۔ہم نے انڈیا کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت سلامتی کونسل کے متعلقہ ممالک و حکام اور اہم ممالک کے ساتھ شئیر کئے ہیں ۔ہم توقع رکھتے ہیں کہ عالمی برادری اس معاملے کو سنجیدگی سے لے گی اور انڈیا کو روکے گی ۔انڈیا گذشتہ 10سالوں سے خود کو دہشت گردی کا متاثر ظاہر کرنے کی کوشش کررہا ہے جبکہ ہم دنیا کے سامنے اس کا اصل چہرہ جو کہ ایک ”ولن “ اور ”مجرم “ کا ہے ،ثبوتوں کے ساتھ سامنے لا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انڈیا ایک بڑا ملک ہے لیکن دنیا اس کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کے کھناو¿نے کردار کو نظر انداز نہیں کر سکتی اور یہ کردار قابل قبول نہیں ہے۔
منتخب امریکی صدر جو بائیڈن اور بائیڈن انتظامیہ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں منیر اکرم نے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ نئی انتظامیہ کو کنونس کریں گے کہ ۔بائیڈن اور ان کی نائب صدر نے کشمیر اور انسانی حقوق کے حوالے سے خوش آئند خیالات کا اظہار کیا تھا۔ دیکھنے کی بات ہو گی کہ نئی انتظامیہ کی کیا پالیسی ہو گی ، ان کا ہندوستان کی طرف کتنا جھکاو¿ ہوگا، ہماری کوشش ہے کہ امریکہ ہی نہیں بلکہ دنیا کے اہم ممالک کو حقائق اور اپنے اصول موقف سے آگاہ کریں ۔
Munir Akram talks about Pakistan dossier regarding Indian-sponsored terrorism