" "
اوورسیز پاکستانیزکالم و مضامین

میلاد منانا، حضرت محمدﷺ سے بھی ثابت ہے، مفتی منیب الرحمان

مسجد نور الہدیٰ برونکس کے زیر اہتمام عظیم الشان اور روحانی محفل میلا د مصطفیﷺ

قاری محمد مدثر حسین نقشبندی کے زیر اہتمام منعقدہ محفل میلاد میں علامہ مولانا مفتی منیب الرحمان، علامہ صاحبزادہ پیر محمد انوار الحاق قادری الازہری (برطانیہ )نے خصوصی شرکت کی

دنیا و آخرت میں سرخرو ہونے کے لئے ضروری ہے کہ سرکار نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ کی غلام اختیار کرکے آپ کے احکامات کے مطابق زندگی گذاری جائے، علماءکرام کے خطابات

اللہ تعالیٰ نے اپنی محبوب ، آقا کریم ﷺ کو پوری کائنات اور کل جہانوں کےلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے ، قاری مدثر حسین نقشبندی ،حافظ کریم سلطان کی نعت خوانی نے محفل میلاد میں سماں باندھ دیا

نیویارک (اردونیوز ) جامع مسجد نور الہدیٰ برونکس کے زیر اہتمام حسب روایت اس سال بھی سرور کونین ، نبی آخر الزمان ، آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی ﷺ کے میلاد شریف کے سلسلے میں عظیم الشان اور روحانی محفل میلا د مصطفیﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ مسجد نور الہدیٰ کے امام و مہتمم قاری محمد مدثر حسین نقشبندی کے زیر اہتمام، راجہ جاوید اقبال کی صدارت میں منعقدہ محفل میلاد النبی شریف ﷺ میں مفتی اعظم پاکستان علامہ مولانا مفتی منیب الرحمان،برطانیہ سے معروف عالم دین شیخ صاحبزادہ پیر محمد انوار الحق قادری الازہری نے خصوصی شرکت کی ۔ محفل میلاد میں معروف نعت خوان حافظ کریم سلطان نے خصوصی شرکت کی جبکہ محفل میلاد میں کمیونٹی کی مقامی اہم شخصیات اور کمیونٹی ارکان اور مسجد کے نمازیوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔

محفل میلاد کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا ۔مسجد نورالہدیٰ میں زیر تعلیم بچوںنے آیات قرآنی کی تلاوت کی ۔ اس موقع پر قاری مدثر حسین نقشبندی کی جانب سے قرآن مجید پڑھنے اور حفظ کرنے والے سٹوڈنٹس میں سرٹفکیٹ تقسیم کئے گئے جو کہ بچوں کو مفتی اعظم پاکستان علامہ مولانا مفتی منیب الرحمان اورشیخ صاحبزادہ پیر محمد انوار الحق قادری الازہری نے پیش کئے ۔

مولانا مفتی منیب الرحمان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میلاد کے معنی ہیں کہ حضورﷺ کی اس کائنات میں تشریف آوری پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا کہ دنیا پر اس سے بڑا احسان اور کوئی بھی نہیں کہ جو اللہ نے نہیں ہم پر اور پوری انسانیت و کائنات پر فرمایااور ہمیں حضورﷺ کی غلامی کا شرف عطا فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ اللہ تعالیٰ کی سب سے عظیم نعمت ﷺ کی ذات مقدسہ ہے۔اللہ تعالیٰ کی اس نعمت کا نہ صرف چرچا کرنا چاہئیے بلکہ اللہ تعالیٰ کا شکر بھی ادا کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا و آخرت میں سرخرو ہونے کے لئے لازم ہے کہ ہم نبی کریم ﷺ کے احکامات اور تعلیمات پر عمل کریں اور یاد رکھیں کہ نبی کریم ﷺ کی تمام تعلیمات صرف اور صرف احکامات الٰہی کے مطابق ہیں ۔
شیخ صاحبزادہ پیر محمد انوار الحق قادری الازہری کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دنیا و آخرت میں سرخرو ہونے کے لئے ضروری ہے کہ سرکار نبی کریم حضرت محمد مصطفی ﷺ کی غلام اختیار کرکے آپ کے احکامات کے مطابق زندگی گذاری جائے ۔ آپ کے یوم ولادت پر تشکر اور خوشی کا اظہار ہر صاحب ایمان پر لازم ہے۔ انہوں کہا کہ رب کائنات نے آپ ﷺ کو رحمة للعالمین، ہادی کائنات، اسوہ¿ حسنہ، شافع محشر اور ساقی کوثر بنا کر مبعوث فرمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت کے مطابق اللہ تعالیٰ کی سب سے پہلی مخلوق نور محمدی ہے اور پھر ساری مخلوق اس سے پیدا کی گئی لہٰذا رحمة للعالمین ہونے کا معنیٰ یہ بھی ہے کہ پوری کائنات کو آپ ﷺ کے نور سے وجود ملا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو حوض کوثر عطاءفرمایا۔

قاری مدثر حسین نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی محبوب ، آقا کریم ﷺ کو پوری کائنات اور کل جہانوں کےلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے ۔ہم اللہ کی رحمت اور نعمت عظمیٰ کا شکر ادا کررہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف ہم بلکہ پوری کائنات ہر وقت سرکار کریم ﷺ پر درود سلام کے نذرانہ بھیجتی ہے اور اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق کائنات میں ہر لمحہ ذکر مصطفی ﷺ بلند ہو رہا ہے۔
محفل میلاد کے آخر میں درود و سلام پڑھا گیا اور خصوصی دعا کروائی گئی جس کے بعد شرکاءکے اعزاز میں پرتکلف لنگر پیش کیا گیا ۔

 

 

Related Articles

Back to top button