نیویارک میں معروف عالم دین مفتی عبدالرحمان قمر انتقال کر گئے
Mufti Abdul Rehman Qamar Passes Away in New York
مفتی عبدالرحمان قمر مرحوم گذشتہ کچھ عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور دو ہفتوں سے لانگ آئی لینڈ، نیویارک کے ہسپتال میں زیر علاج تھے 13جون کی صبح وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے
نیویارک ( اردو نیوز ) پاکستان کے سابق صدر جنرل ضیاءالحق کے دور میں ایوان صدر کے سرکاری قاری اور سابق مشیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالرحمان قمر نیویارک میں انتقال کر گئے ۔ مرحوم گذشتہ کچھ عرصے سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور دو ہفتوں سے لانگ آئی لینڈ، نیویارک کے ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ جمعرات ،13جون کی صبح وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ مفتی عبدالرحمان قمر نیویارک کے علاقے کوینز میں لاگارڈیا ائیرپورٹ کے سامنے قائم کی جانیوالی المدنی مسجد کے بانی بھی تھے ۔وہ 1988کے بعد امریکہ منتقل ہوئے اور امریکہ میں مستقل سکونت اختیار کر لی ۔نیویارک میں قیام کے بعد انہوں نے المدنی مسجد قائم کی اور اسے دینی خدمات کا مرکز بنایا اور خطیب اور امام کے طور پر تین دہائیوں سے امریکہ میں دینی خدمات انجام دیتے رہے ۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی کے علماءکرام اور کمیونٹی کی جانب سے مفتی عبدالرحمان قمر کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کمیونٹی ایک عظیم دینی شخصیت سے محروم ہو گئی ہے ۔ مفتی عبدالرحمان قمر کے پسماندگان میں نو بیٹے اور چار بیٹیاں شامل ہیں ۔ ان کے خاندان میں دو نسلوں میں حفاظ کرام کا سلسلہ جاری ہے ۔
مفتی عبدالرحمان قمر ایک دینی شخصیت کے طور پر سابق صدر جنرل ضیاءالحق کے قریب سمجھے جاتے تھے ، سابق صدر قرآت اور دینی تعلیمات کے حوالے سے ان کا احترام کرتے تھے ۔
Mufti Abdul Rehman Qamar Passes Away in New York