تقسیم ایم کیو ایم ایک بار پھر متحدہ بن گئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں گروپوں کے درمیان جار ی اختلافات ختم ہوگئے ہیںاور سنیئر رہنما فاروق ستار نے ایم کیو ایم کی کنوینر شپ کے حوالے سے الیکشن کمیشن اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے بہادر آباد کے ساتھ مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں فاروق ستار کی قیام گاہ پر ان کی صدارت میں ان کے حامیوں کا اجلاس ہوا جس میں اگلے انتخابات کے حوالے سے طویل بحث ہوئی، وہاں موجود بیشتر ارکان کی رائے تھی کہ عدالتی فیصلے کے بعد ہمیں معاملات کو مزید خراب کرنے کے بجائے حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے بہادر آباد کے ساتھیوں کی پیش کش کو قبول کرنا چاہئے،ایم کیو ایم پاکستان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد سنیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو رضا مند کرنے کے لئے دو رکنی ٹیم کو پی آئی بی بھیجا تھا جس میں سردار احمد اور کشور زہرا شامل تھے،جمعرات کو بھی کشور زہرا نے ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کی اور انہیںمل کر کام کرنے پر رضامند کرنے کی کوشش کی