خاور بیگ کا سیالکوٹ میں، بھائی سہیل بیگ کی گرفتاری اور رہائی کے دوران ساتھ دینے والے دوست احباب کا شکرئیہ
پاکستان ڈے پریڈ نیویارک کے کو چئیرمین مرزا خاور بیگ کی پرویز ریاض، ضمیر احمد چوہدری ، نوید چوہدری ، اسد چوہدری ، وسیم سید، مرزا سجاول بیگ سمیت ساتھیوں کے ہمراہ نیویارک میں پریس کانفرنس
ملک سے باہر رہ کر ہمیشہ ملک و قوم کا نام بلند کیا، یو ایس کانگریس ، نیویارک سٹیٹ اسمبلی سمیت ہر فورم پر پاکستان کی بہتری اور پاک امریکہ تعلقات میںپل کا کرادر ادا کیا
ہم پاکستان اور ہر ریاستی ادارے کا احترام کرتے ہیں ، پی ٹی آئی سے سیاسی وابستگی ہے ، یہ عوام کی نمائندہ جماعت ہونے کی حیثیت سے پاکستانی سیاسی ادارے کا درجہ رکھتی ہے
یو ایس کانگریس میں پاکستان کاکس کے نئے چئیرمین کی تقرری پر خیر مقدم ، نیویارک ، پنجاب اور سندھ کو سسٹرز سٹیٹس قرار دلوانے سمیت پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کی کوششوں کا حصہ رہا ہوں
تین دلائیوں سے بیرون ملک میں رہ کر ہر اہم موقع پر ملک و قوم کی خدمت کی ، سیلاب، زلزلہ سمیت قدرتی آفات کے دوران برھ چڑھ کر آگے بڑھ کر کردار ادا کیا
نیویارک (خصوصی رپورٹ) پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت ، پاکستان ڈے پریڈ نیویارک کے کو چئیرمین اور پاکستان تحریک انصاف نیویارک کے رہنما مرزا خاور بیگ نے سیالکوٹ میں اپنے چھوٹے بھائی مرزا سہیل بیگ کی گرفتاری اور رہائی کے عمل کے دوران ساتھ دینے والے تمام دوست احباب کا شکرئیہ ادا کیا ہے اور ہے کہ ان کی جانب سے جس یکجہتی کا اظہار کیا گیا ، وہ اس کے لئے مشکور رہیں گے ۔
مرزا خاور بیگ نے نیویارک میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پرویز ریاض، ضمیر احمد چوہدری ، نوید چوہدری ، اسد چوہدری ، وسیم سید، مرزا سجاول بیگ بھی موجود تھے ۔ مرزا خاور بیگ نے کہا کہ سیالکوٹ میں رات ایک بجے کے قریب پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سادہ پوش اہلکاروں نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔ وہ ان کے بھائی ، سابق ٹکٹ ہولڈر پنجاب اسمبلی مرزا دلاو ر بیگ کو گرفتار کرنے گھر آئے اور جب دلاور بیگ نہیں ملا تو ان کے چھوٹے بھائی مرزا سہیل بیگ کو گرفتار کرکے ساتھ لے گئے ۔
مرزا خاور بیگ کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ میں ان کے گھر پر چھاپے اور بھائی کی گرفتاری سے چند روز قبل انہوں نے حسب روایت نیویارک میں پاکستان ڈے پریڈ میں اپنی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کا فلوٹ شامل کیا جس میں پی ٹی آئی اور پارٹی کے بانی عمران خان کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کو یوم آزادی پاکستان کی مبارکباد دی گئی تھی ۔مرزا خاور بیگ کا کہنا تھا کہ پریڈ میں پی ٹی آئی جو کہ ایک جمہوری ، سیاسی جماعت ہے ، کا فلوٹ شامل کرنے کی سزا ، سیالکوٹ میں بھائی کی گرفتاری کی شکل میں دی گئی ۔
خاور بیگ نے کہا کہ میں نے نیویارک سٹی کونسل ، سٹیٹ اسمبلی سمیت امریکی ایوان نمائندگان تک ہر اہم فورم میں پاکستان کے نام کی سربلندی کے لئے ، پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور بہتری کے لئے ہمیشہ سرگرم کردار ادا کیا، نیویارک سٹیٹ اور پنجاب اور سندھ کو جڑواں سٹیٹس دینے کی کوششوں میں ، نیویارک سٹیٹ اسمبلی فل راموس کے ساتھ کگڑے ہوئے، یو ایس کانگریس میں پاکستان کاکس کے چئیرمین کانگریس مین ٹام شوازی کا ساتھ دیا اور ہر وہ کوشش کی کہ جس سے ملک و قوم کا نام روشن ہو۔ اسی طرح پاکستان میں زلزلہ اور سیلاب سمیت قدرتی آفات کے موقع پر ہم وطنو کی اپنے استطاعت کے مطابق مدد کی ۔اِن تمام تر خدمات کے بعد سیالکوٹ میں گھر پر پولیس کے چھاپے اور گرفتاری پر مایوسی ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستگی رکھنا جمہوری و آئینی حق ہے ۔ پی ٹی آئی ، پاکستان ہے اور پاکستانی عوام کے ارکان ہی ہیں کہ جو پی ٹی آئی میں شامل ہیں۔ ہمیں اپنے انداز میں اوورسیز میں یوم آزادی منانے اور قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دینے کا حق حاصل ہونا چاہئیے ۔
مرزا خاور بیگ نے کہا کہ میرے بھائی مرزا دلاور بیگ نے بھی پاکستان میں ہمیشہ اہل علاقہ کی بلا امتیاز خدمت کی ہے ۔ ملک و قوم کی خدمت میں بھی ہمیشہ اپنی استطاعت کے مطابق پیش پیش رہے ۔میرے چھوٹے بھائی جنہیں بلا وجہ گرفتار کرکے رات کو تحویل میں رکھا گیا، نے کبھی کوئی غلط کام نہیں کیا۔
مرزا خاور بیگ نے کہا کہ ایک رات تحویل میں رکھنے کے بعد میرے بھائی مرزا سہیل بیگ کو رہا تو کر دیا گیا لیکن اس دوران ہمارا پورا خاندان شدید پریشانی اور مشکل کا شکار رہا ۔ انہیں اگلے روز رہا کیا گیا۔ میں بھائی کی گرفتاری اور رہائی کے دوران ساتھ دینے والے تمام دوست احباب کا اپنی اور اپنے بھائیوں کی جانب سے شکرئیہ ادا کرتا ہوں ۔