اوورسیز پاکستانیزامیگریشن نیوز

نیویارک کی مساجد کو جمعہ کی اذان لاؤڈ سپیکر پر دینے کی اجازت

یہ تاریخی اعلان نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز اور پولیس کمشنر کوبان نے سٹی ہال میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا

نیویارک سٹی میں واقع تمام اسلامک سنٹرز اور مساجد کو جمعہ کے روز نماز جمعہ کی اور ماہ رمضان کے دوران نماز مغرب کی (افطاری کے وقت ) لاؤڈ سپیکر پر اذان کی اجازت ہو گی۔ یہ تاریخی اعلان نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز اور پولیس کمشنر کوبان نے سٹی ہال میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا

نیویارک ( محسن ظہیر سے ) نیویارک سٹی میں واقع تمام اسلامک سنٹرز اور مساجد کو جمعہ کے روز نماز جمعہ کی اور ماہ رمضان کے دوران نماز مغرب کی (افطاری کے وقت ) لاؤڈ سپیکر پر اذان کی اجازت ہو گی۔ یہ تاریخی اعلان نیویارک سٹی کے مئیر ایرک ایڈمز نے سٹی ہال میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

اس موقع پر مئیرایڈمز کے ساتھ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کمشنر کوبان، ڈپٹی پولیس کمشنر مارک سٹیورٹ ، چیف آف پٹرول جان شیل، کمشنر کمیونٹی افئیرز کرائز مین ، سینئر ایڈوائزر احسن چغتائی، سٹیٹ سینیٹر رابرٹ جیکسن ، کمشنر اوتھ عاصم رحمان ، سینئر لیزون مسلم کمیونٹی محمد باہی ، لیزون برائے مسلم وومین کمیونٹی عطیہ شہناز، ڈپٹی انسپکٹر پولیس عدیل رانا، مجلس شوریٰ کے امیر امام عبدالطالب، الخوئی اسلامک سنٹر کے ڈائریکٹر نسیم رضوی ، مسلم امریکن سوسائٹی کے طاہر عبدالہادی ، پرنسپل آئیڈیل اسلامک سکول سمائیہ فیروزی ، یوسف اسلام سمیت مسلم کمیونٹی قائدین اور امام صاحبان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔

نیویارک سٹی ہال میں جہاں مساجد کے لاؤڈ سپیکر پر اذان کا اعلان کیا گیا وہاں مئیر کی موجودگی میں سٹی ہال میں اذان بھی دی گئی اور اذان کا ترجمہ بھی پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ اذان دراصل خالق کائنات کی طرف سے ایک خوبصورت بلاوہ ہے کہ بندہ اپنی فلاح اور بھلائی کے لئے اس کی بار گاہ کی طرف رجوع ہو جائے ۔

مئیر ایرک ایڈمز کی جانب سے واضح کیا گیا کہ نماز جمعہ کے لئے لاؤڈ سپیکر پر اذان کے لئے اسلامک سنٹرز اور مساجد کو کسی پیشگی اجازت کی ضرورت نہیں ہو گی تاہم وہ مقامی قواعد اور اپنے ہمسائیوں کا خیال رکھیں ۔

مئیر ایڈمز کا کہنا تھا کہ جیسے اتوار کو چرچ سے بیل (berll) کی گھنٹیوں کی آواز بلند ہوتی ہے اور ہفتے کو جیوئش سنیگاک سے عبادت کے لئے کال دی جاتی ہے، ویسے ہی امریکی مذہبی آزادیوں کی اقدار اور حقوق کو پیش نظر رکھتے ہوئے نماز جمعہ کے موقع پر مسلم کمیونٹی کواذان کی اجازت ہونی چاہئیے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سرخ فیتہ جیسی رکاوٹ کو دور کرتے ہوئے واضح طور پر اعلان کررہے ہیں کہ مساجد اور عبادت گھروں کو جمعہ اور رمضان المبارک کے دوران مقررہ اوقات میں اذان دینے کے لیے کسی پرمٹ کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مسلمان بھائی بہن آزادانہ اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کرسکتے ہیں قانون انہیں اس کی اجازت دیتا ہے۔

نیویارک پولیس کے کمشنر ایڈورڈ کابان نے کہا کہ یہ تاریخی کام NYPD کے کمیونٹی افئیرز بیورو کی کوششوں سے ممکن ہوا ہے۔مذہبی آزادی، سمجھ بوجھ اور پائیدار امن کے لئے تمام عقائد کو لوگوں ان کا حق ملنا چاہئے۔ہمارے محنتی پولیس افسران جانتے ہیں کہ مختلف رنگ و نسل اور پس منظر سے تعلق رکھنے والی ہماری ڈائیورس کمیونٹیز ہماری طاقت ہیں۔یہ تاریخ ساز اقدام کمیونٹی آؤٹ ریچ کوششوں اور پبلک سیفٹی مشن کا حصہ ہے۔نئی گائیڈ لائن کے تحت نیویارک میں واقع تمام مساجد اور اسلامی مراکز جمعہ کے روز دوپہر 12.30 سے ڈیڑھ بجے تک جمعہ کی اذان دے سکتے ہیں۔جبکہ رمضان المبارک کے مہینہ میں افطار کے وقت اذان کی اجازت ہوگی۔
نیویارک پولیس کے کمیونٹی افئیرز بیورو مذہبی رہنماو¿ں اور علماءکرام کے ساتھ مل کر مقامی رہنماو¿ں سے رابطے کریں گے اور نئے منصوبے کے تحت مساجد و اسلامی مراکز میں اذان کی ادائیگی کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ لاؤڈ سپیکر ز پر اذان سٹی انتظامیہ کے طے شدہ آواز کے لیول کے مطابق ہو۔

مسلم امریکن کمیونٹی قائدین کی جانب سے مئیر ایرک ایڈمز اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کا شکرئیہ ادا کرتے ہوئے نیویارک سٹی میں لاؤڈ سپیکر پر اذان کی اجازت کے اقدام کا خیر مقدم کیا گیا۔ کمیونٹی قائدین نے مسلم کمیونٹی کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں دین اسلام میں ہمسائیوں کے حقوق کے بارے میں اللہ اور اللہ تعالیٰ کے رسول کریم ﷺ کے احکامات اور تعلیمات کا بھی خاص خیال رکھنا چاہئیے ۔ ہمیں ہر ممکن خیال رکھنا چاہئیے کہ ہمارے کسی عمل کی وجہ سے ہمارے ہمسائیہ کےلئے کوئی مشکل پیدا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں ہمسائیوں کو بہت حقوق حاصل ہیں اور ان حقوق کی پاسداری ہم سب پر فرض ہے ۔

 

Related Articles

Back to top button