نیویارک میں کرونا سے ملک عنائیت اللہ کا انتقال ، پاکستانی متوفین کی تعداد5ہو گئی
دو ہفتوں کے دوران مرحوم کی دو بارطبیعت خراب ہوئی، دوسری بار ہسپتال گئے تو کرونا کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مسلسل طبیعت خراب ہونا شروع ہوئی اور جمعہ کو انتقال کر گئے
پاکستانی امریکن میڈیا کے ارکان نے خرم شہزاد اور سوگوار فیملی سے ملک عنائیت اللہ کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار، دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں
نیویارک (اردو نیوز ) برائٹن بیچ بروکلین(نیویارک ) میں رہنے والے 78سالہ پاکستانی ملک عنائیت اللہ کا جمعہ کو یہاں کرونا وائرس بیماری کی وجہ سے انتقال ہو گیا ۔ مرحوم روم میٹس کے ساتھ برائٹن بیچ پر واقع ایک بلڈنگ میں رہتے تھے ۔ملک عنائیت اللہ سمیت ان کے روم میٹس ٹیکسی چلاتے تھے اور دو ہفتے قبل تمام روم میٹس نے فیصلہ کیا کہ کوئی کام پر نہیں جائے گا اور سب نے خود کو اپنے اپارٹمنٹ میں محدود کر لیا ۔ تقریباً نو دن پہلے ملک عنائیت مرحوم کی طبیعت خراب ہوئی جس کے بعد ان کے روم میٹس نے ایمبولنس کال کی اور انہیں کونی آئی لینڈ ہسپتال بھجوا دیا جہاں انہیں ایک رات رکھنے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ۔ گھر واپس آنے کے بعد چند روز ان کی طبیعت بہتر رہی لیکن چار پانچ روز قبل ، ان کے روم میٹ مسعود کے مطابق انہوں نے محسوس کیا کہ انہیں سانس میں تھوڑی دشواری محسوس ہو رہی ہے ۔ جس کے بعد انہوں نے ایک بار پھر ایمبولنس کال کرکے ملک عنائیت اللہ کو کونی آئی لینڈ ہسپتال بھجوا دیا جہاں انہیں ایک بار پھر داخل کر لیا گیا ۔
مرحوم کے بھانجے و صحافی خرم شہزاد (واشنگٹن ڈی سی ) اور میری لینڈ میں مقیم ان کے بیٹے کے مطابق ڈاکٹرز نے انہیں فون پر مطلع کیا کہ وہ کرونا وائرس انفکیشن کا شکار ہوئے ہیں ۔مرحوم کی ہسپتال میں طبیعت مزید خراب ہوئی اور بتایا گیا کہ اس دوران ان کے گردوں نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا ۔انہیں وینٹی لیٹر پر لگایا گیا ۔چارروز تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد ملک عنائیت اللہ جمعہ کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔مرحوم کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا۔
یہ بھی پڑھیں : لانگ آئی لینڈ ، نیویارک میں ایک او ر پاکستانی خاتون کا کرونا کی وجہ سے انتقال
ابھی تک موصول ہونیوالی اطلاعات کے مطابق وہ امریکہ میں کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے پانچویں پاکستانی ہیں ۔پاکستانی امریکن میڈیا کے ارکان نے خرم شہزاد اور سوگوار فیملی سے ملک عنائیت اللہ کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں ۔
کمیونٹی رہنما سرور چوہدری جن کی بلڈنگ میں ملک عنائیت اللہ رہتے تھے ، سمیت ان کے بروکلین میں مقیم دوستوں جمشید بابر، ارشد چوہدری ، انجنئیرصادق سمیت دیگر نے ملک عنائیت اللہ کی وفات پر دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مرحوم نہایت ہی نفیس ، ملنسار اور مشفق انسان تھے ۔اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں۔