پاکستان

خیبر سوسائٹی کا سالانہ پشتون ڈے،بروکلین بورو پریذیڈنٹ ایرک ایڈمز اور قونصل جنرل عائشہ علی کی خصوصی شرکت

پریذیڈنٹ بہادر علی شاہ کی صدارت میں منعقدہ تقریب میں خیبر سوسائٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چئیرمین تاج اکبر خان و دیگرعہدیدداران طارق سیف الرحمان ، نثار محمد خان ، خورشید انور، شبیر صاحبزادہ کی شرکت

تقریب میں مسٹرایرک ایڈمز جو کہ 2021میں ہونیوالے الیکشن میں مئیر نیویارک سٹی کے امیدوار ہیں، کو پختون امریکن کمیونٹی کی جانب سے مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کروائی گئی
خیبر سوسائٹی کی جانب سے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کیپٹن کے عہدے پر ترقی پانے والے پہلے پاکستانی امریکن پشتون کیپٹن مصباح نور کو ان کی ترقی پر مبارکباد دی گئی اور شیلڈ پیش کی گئی
تقریب میں تاج اکبر خان اور طارق سیف الرحمان اور ڈاکٹرنصر اللہ خان کو ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا ، تعلیمی شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کو بھی ایوارڈز دئیے گئے
زمان آفریدی ، صائقہ جنجوعہ ، میاں توحید اللہ ، ڈاکٹر شفیق ،توحید اللہ ،کاشف حسین ،صاعقہ جنوعہ ،نثار خان، ذکیہ نورین خٹک ، ثناءخان سمیت کمیونٹی کی شخصیات کا خطاب ، گلوکار سائل کی خصوصی پرفارفارمنس

نیویارک (اردو نیوز ) امریکہ میں پاکستانی امریکن پشتون کمیونٹی کی اہم اور نمائندہ تنظیم خیبر سوسائٹی کے زیر انتظام حسب روایت اس سال بھی یہاں سالانہ پشتون ڈے کی عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں پشتون کمیونٹی سمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ پریذیڈنٹ بہادر علی شاہ کی صدارت میں منعقدہ خیبر سوسائٹی کی تقریب میں خیبر سوسائٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چئیرمین تاج اکبر خان ،وائس پریذیڈنٹ طارق سیف الرحمان ، سیکرٹری جنرل نثار محمد خان ، فنانس سیکرٹری خورشید انور، انفارمیشن سیکرٹری شبیر صاحبزادہ سمیت خیبر سوسائٹی کے دیگر ارکان اور پشتون کمیونٹی کے ارکان نے خصوصی شرکت کی ۔
تقریب میں نیویارک میں پاکستان کی قونصل جنرل محترمہ عائشہ علی اور بروکلین بورو پریذیڈنٹ ایرک ایڈمز نے مہمانان خصوصی کے طور پر شرکت کی ۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ اس تقریب میں مسٹرایرک ایڈمز جو کہ 2021میں ہونیوالے الیکشن میں مئیر نیویارک سٹی کے امیدوار ہیں، کو پختون امریکن کمیونٹی کی جانب سے مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کروائی گئی اور ان کی انتخابی مہم کے لئے فنڈ ریزنگ بھی کی گئی ۔پریذیڈنٹ خیبر سوسائٹی بہادر علی شاہ نے پشتو روایت کے مطابق مہمان خصوصی ایرک ایڈمز کو پشتو ٹوپی جبکہ قونصل جنرل عائشہ علی کو چادر پیش کی اور خوش آمدید کہا ۔
تقریب کا آغاز تلاو ت قرآن مجید سے ہوا۔نثار محمد خان نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ خیبر سوسائٹی کی جانب سے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں حال ہی میں کیپٹن کے عہدے پر ترقی پانے والے پہلے پاکستانی امریکن پشتون کیپٹن مصباح نور کو ان کی ترقی پر مبارکباد دی گئی اور انہیںشیلڈ پیش کی گئی ۔تقریب میں تاج اکبر خان اور طارق سیف الرحمان اور ڈاکٹرنصر اللہ خان کو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر تعریفی اسناد دی گئیں ۔تعلیمی شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں کو بھی ایوارڈز دئیے گئے ۔تقریب میں عالمی سطح پر سکوائش ٹونامنٹ میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی ایک پشتون خاتون کھلاڑی لائبہ خان کو خصوصی ایوراڈ سے نوازا گیا۔
چئیرمین تاج اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر سوسائٹی پشتون کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قوم کی اعلیٰ اور شاندار روایات پر ہمیں اور قوم کو فخر ہے۔ ایک ڈائیورس معاشرے میں رہتے ہوئے ، ہمیں ایک دوسرے کی اقداراور روایات سے آگاہی حاصل ہو نی چاہئیے ۔انہوں نے کہا کہ پشتون امن پسند کمیونٹی ہے ۔ نائین الیون کے بعد ہمیں امتیازی سلوک سمیت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن بالآخر سرخرو ہوئے ۔ انہوں نے کمیونٹی ارکان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم امریکہ میں رہتے ہیں ۔ ہمیں یہاں کے سیاسی و قومی نظام میں اپنا موثرکردار ادا کرنا چاہئیے ۔ یہی مسائل کے حل اور آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔
بہادر علی شاہ نے خیبر سوسائٹی کی جانب سے مہمانان خصوصی سمیت سب کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ خیبر سوسائٹی کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ پختون امریکن کمیونٹی مئیر نیویارک کے الیکشن میں بروکلین بورو پریذیڈنٹ ایرک ایڈمز کو سپورٹ کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پشتون کمیونٹی جس سے وعدہ کرے، وہ ضرور پورا کرتی ہے۔ انہوں نے نئی قونصل جنرل عائشہ علی کو بھی خیبر سوسائٹی کی جانب سے خوش آمدید کہا ۔ بہادر علی نے کمیونٹی ارکان پر زور دیا کہ وہ خیبر سوسائٹی کے رکن بنیں اور کمیونٹی کی ترقی کے لئے اپنا کردارادا کریں ۔
تقریب سے کمیونٹی کی مقامی شخصیات زمان آفریدی ، ڈاکٹر شفیق ،توحید اللہ ،کاشف حسین ،صاعقہ جنوعہ ،نثار خان، ذکیہ نورین خٹک ، ثناءخان نے بھی خطاب کیا اور خیبر سوسائٹی کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی تنظیموں کا کردار اہم ہے ۔ یہ ایسے پلیٹ ہیں کہ جن پر جمع ہو کر ہم اپنا اجتماعی کردارادا کر سکتے ہیں ۔
کیپٹن مصباح نور نے خیبر سوسائٹی کی جانب سے عزت افزائی پر شکرئیہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی ارکان تعلیم پر توجہ دیں اور پولیس ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر اداروں میں دستیاب مواقع سے مستفید ہو ں اور اپنا کیرئیر بنائیں۔
بورو پریذیڈنٹ ایرک ایڈمز نے خطاب کرتے ہوئے خیبر سوسائٹی اور پشتون کمیونٹی کا شکرئیہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 911کے بعد وہ مسلم کمیونٹیز کے ساتھ کھڑے ہونے والے اولین افراد میں شامل تھے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ مساوات کی بنیاد پر قائم ہوا ۔ یہاں کسی بھی فرد ، افراد یا کمیونٹی کو امتیازی سلوک کا نشانہ نہیں بنایا جا سکتا۔ امریکہ مواقع کی سرزمین ہے اور ہم سب کو یقینی بنانا ہوگا کہ دستیاب مواقع سے سب یکساں طور پر مستفید ہوں ۔
قونصل جنرل عائشہ علی نے خطاب کرتے ہوئے خیبر سوسائٹی کو سالانہ پشتون ڈے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو اپنی پشتون کمیونٹی اور ان کی خدمات پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک میں قونصل جنرل کی حیثیت سے ان کے آفس کے دروازے سب کے لئے ہمیشہ کھلے ہوں گے ۔ میری اولین ترجیح کمیونٹی کی ہر ممکن خدمت ہے ۔ میں کمیونٹی کی بہتر سے بہتر انداز میں خدمت کر سکوں ، اس کےلئے مجھے کمیونٹی کے تعاون کی ہمیشہ ضرورت رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز میں بسنے والی کمیونٹی ، پاکستان کے سفیر ہیں ۔ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور اپنا مقام پیدا کریں ، ان کی کامیابی سے ملک و قوم کا نام از خود روشن ہوگا۔
معروف کالم نویس، شاعرہ صائقہ جنجوعہ نے خطاب کے دوران پشتو میں اپنی شاعری سنا کر حاضرین سے خوب داد وصول کی ۔ انہوں نے خیبر سوسائٹی کی خدمات سراہاتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی ارکان کو سوسائٹی کا رکن بننا چاہئیے اور اس کی ترقی میں اپنا کردارادا کرنا چاہئیے ۔
پختون رہنما میاں توحید اللہ نے مسٹرایرک ایڈمز سے کہا کہ اگرچہ میں آزاد ہوں لیکن پختون کمیونٹی کے سپورٹ کے اعلان کے بعد اب مئیر نیویارک کے الیکشن میں آپ کی بھرپور سپورٹ کروں گا۔ انہوں نے کمیونٹی ارکان کو مالیاتی شعبے میں دستیاب مواقع کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں ان کی خدمات بے لوث ہمیشہ ہر ایک کے لئے حاضر ہیں ۔خیبر سوسائٹی آف امریکہ نے تمام مہمانوں، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا،سماجی و سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور ان افراد کا خصوصی شکریہ ادا کیا،جس نے پشتون ڈے کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کیا۔پروگرام کے مہمانوں اور شرکاءکو پرتکلف عشایئہ دیا گیا۔آخر میں پشتو میوزک “ ٹنگ و ٹکور” سے ساری محفل لطف و اندوز ہوئی اور پشتو گلوکار سائل گُل نے پشتو گانے گا کر مہمانوں کو محظوظ کیا ۔

Khyber Society USA celebrates annual Pashtun Day in New York

Related Articles

Back to top button