آصف زرداری کو یرغمال بنا کر بلاول بھٹو کی سیاست پر اثر انداز ہونے کی کوشش ناکام ہوگی، نیئر بخاری
پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری کا پیپلز پارٹی امریکہ کے خالد اعوان ، لطیف ڈالمیا اور سلمان بٹ کے زیر اہتمام بے نظیر بھٹو کی برسی کی تقریب سے ٹیلیفونک خطاب
نیویارک (اردو نیوز ) سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی نیویارک میںبھی گیارہویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔پیپلز پارٹی امریکہ کے خالد اعوان ، لطیف ڈالمیا اور سلمان بٹ سمیت ساتھیوں کے زیر اہتمام برسی کی تقریب سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے بے نظیر بھٹو کی ملک و قوم کےلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور موجودہ سیاسی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اگرکوئی آصف زرداری کو یرغمال بنا کر بلاول بھٹو کی سیاست پر اثر انداز ہونا چاہے گا تو بڑی بھول میں ہوگا۔
برسی کی تقریب میں پیپلز پارٹی اور پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف مقامی شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آج موجود جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی قربانی کی مرہون منت ہے ۔ وہ پاکستان اور مسلم ورلڈ کی ہی نہیں بلکہ دنیا کی مدبر سیاسی قائدین میں سے ایک تھیں ۔ان کی فکر ، سوچ اور فلسفے کو فروغ دیتے ہوئے ، ملک میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانا چاہئیے ۔
پیپلز پارٹی امریکہ کے مقامی قائدین نے امریکہ میں بے نظیر بھٹو سے اپنی ملاقاتوں اور یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے دلوںمیں آج بھی زندہ ہیں ۔