نیویارک کی گورنر ہوکل نے 13فروری کو ضمنی الیکشن کا اعلان کر دیا
لانگ آئی لینڈ ، نیویارک کے کانگریشنل ڈسٹرکٹ 3کی نشست ریپبلکن کانگریس مین جارج سینٹوس کی بے دخلی کی وجہ سے خالی ہوئی ہے
نیویارک ( محسن ظہیر سے ) نیویارک سٹیٹ کی گورنر کیتھی ہوکل نے 13فروری کو لانگ آئی لینڈ ، نیویارک کی ریپبلکن کانگریس مین جارج سینٹوس کی ایوان نمائندگان سے بے دخلی کی وجہ سے خالی ہونے والی نشست پر سپیشل (ضمنی ) الیکشن کا اعلان کر دیا ہے ۔واضح رہے کہ گورنر کانگریس مین کی نشست خالی ہونے کے دس دن کے اندر سپیشل الیکشن کے انعقاد کے اعلان کا پابند ہوتا (ہوتی) ہے ۔
سپیشل الیکشن 70سے80دنوں کے اندر ہونے چاہئیے ۔جارج سینٹوس نے ڈیموکریٹس کے پاس موجود کانگریشنل ڈسٹرکٹ 3کی نشست پر کامیابی حاصل کرکے ریپبلکن پارٹی کو نیویارک سے اہم سیٹ دلوائی تھی ۔ ڈیموکریٹ پارٹی ، اپنی کوئی ہوئی نشست واپس حاصل کرنا چاہتی ہے۔ سپیشل الیکشن کے لئے اسی ڈسٹرکٹ سے سابق کانگریس مین ٹام شوازی ایک بار پھر امیدوار بن کر سامنے آگئے ہیں تاہم ٹام شوازی کے علاوہ بھی ڈیموکریٹ امیدوار میدان میں سامنے آرہے ہیں ۔
ڈیموکریٹ پارٹی کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کونسا امیدوار لانگ آئی لینڈ سے کانگریس مین کی سیٹ واپس جیتنے کی صلاحیت رکھتا یا رکھتی ہے ۔ اسی امیدوار کو ٹکٹ دیا جائیگا جبکہ ریپبلکن پارٹی جس کے پاس یہ نشست موجود تھی ، اسے واپس جیتنے کی کوشش میں ہے ۔