نیویارک : کشمیری امریکن رہنما اور ڈاکٹر آصف رحمان کے والد حبیب الرحمان کا انتقال
Kashmiri American Chaudhry Habib ur Rahman passes away in New York
چوہدری حبیب الرحمان مرحوم کی عمر84سال تھی اور ان کاشمار کشمیری امریکن کمیونٹی کی سماجی و کمیونٹی خدمات میں پیش پیش شخصیات میں ہوتا تھا
نیویارک ( اردونیوز ) کشمیری و پاکستانی امریکن کمیونٹی کی معروف سماجی شخصیت اور امریکہ میں پاکستانی امریکن ڈاکٹرز کی نمائندہ تنظیم ”اپنا “ کے سابق پریذیڈنٹ ڈاکٹر آصف رحمان کے والد چوہدری حبیب الرحمان چھ جنوری کو سٹیٹن آئی لینڈ، نیویارک میں واقع اپنے گھر پر ہی انتقال کر گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ مرحوم کی گھر پر اچانک طبیعت خراب ہوئی اور وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔چوہدری حبیب الرحمان مرحوم کی نماز جنازہ سات جنوری کو مسجد النور سٹیٹن آئی لینڈ ، نیویارک میں بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کی تدفین امریکہ میں ہی کی جائے گی ۔چوہدری حبیب الرحمان مرحوم کی عمر84سال تھی اور ان کاشمار کشمیری امریکن کمیونٹی کی سماجی و کمیونٹی خدمات میں پیش پیش شخصیات میں ہوتا تھا۔میر پور ، آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے چوہدری حبیب الرحمان گذشتہ 45سالوں سے امریکہ میں مقیم تھے۔ ان کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ تین ہفتے قبل چوہدری حبیب الرحمان کی اہلیہ اور ڈاکٹر آصف رحمان کی والدہ کا انتقال ہوا تھا اور تین ہفتے کے بعد چوہدری حبیب الرحمان بھی اپنے خالق حقیقی کو جا ملے ہیں ۔ پاکستانی اور کشمیری امریکن کمیونٹی نے ڈاکٹر آصف رحمان سمیت سوگوار خاندان سے چوہدری حبیب الرحما ن کی وفات پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیاہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائیں ۔
Kashmiri American Chaudhry Habib ur Rahman passes away in New York