نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب ، کشمیری عوام مکمل یکجہتی کا اظہار
کشمیر عالمی مسلہ ہے، امریکہ ، روس اور برطانیہ اس کے حل میںدلچسپی لے رہے ہیں ،اقوا م متحدہ کی قراردادوںپر عمل ہوتا تو عالمی امن کو خطرہ نہ ہوتا، ڈاکٹر غلام نبی فائی
کشمیری شہیدوں کو پاکستانی پرچم میں دفنایا جاتا ہے جو ثابت کرتا ہے کہ کشمیریوں کو بھارتی تسلط قبول نہیں ، پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں، بشیر قمر
کشمیر کی تحریک نئے مرحلے میں داخل ہو کر شدت اختیارکر چکی ہے ، وکیل انصاری ، کشمیریوں سے اظہاریکجہتی پاکستانی امریکن کمیونٹی کےلئے ترجیحی بنیاد اختیار کر چکی ہے ، جمال محسن
بھارت کی ہٹ دھرمی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبا نہیں سکتی ، سردارنصراللہ ، دنیا بھر کے علاوہ امریکہ میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے پاکستانی کمیونٹی کو خراج تحسین ، مجیب لودھی
بھارت اور پاکستا ن مل کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کی بنیاد پر مسلہ حل کریں، بیگم نیلو فر عباسی
نیویارک(خصوصی رپورٹ)پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری راہنما ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے مابین ایک تنازعہ سے بڑھ کر اب عالمی مسئلہ بن گیا ہے۔ صدر جارج بش ¾ صدر کلنٹن ¾ صدر باراک اوبامہ کے بعد صدر ٹرمپ بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو پاکستان اور بھارت مل کر حل کریں اور اگر دونوں ممالک راضی ہو جائیں تو امریکہ ثالثی کروانے کے لئے اہم کردارادا کر سکتا ہے۔ حالیہ دنوں میںروسی صدرپوٹن بھی ان ہی خیالات کا اظہار کر چکے ہیں جب کہ برطانوی ہاﺅس آف پارلیمنٹ بھی مسئلہ کشمیر کے حل میں دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ کشمیری حریت پسند یہ سمجھتے ہیں کہ تقسیم ہند کے فارمولے پر بھارت کی افواج کا کشمیر میںقتل عام ان کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ برہان وانی شہید کی جدوجہد آزادی نے تحریک میں نیا جذبہ بیدار کر دیا ہے۔ سید علی گیلانی جیسی قیادت نے بھارتی موقف کو رد کر کے پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے۔ نیویارک کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فائی نے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا کہ وہ گزشتہ24 سالوں سے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں
یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بشیر قمر نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہئیے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسلہ کو حل کیا جائے ۔بشیر قمر نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو نہ تو بھارت کے ساتھ الحاق کرنا ہے اور نہ انہیں بھارتی تسلط منظور ہے ۔جو کشمیری اپنے پیاروں کو پاکستانی پرچم میں دفنا رہے ہیں ، وہ صرف پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں ۔
وکیل انصاری نے جذبہ حریت اور تحریک آزادی پر مبنی ایک نظم پڑھ کر سنائی ۔ جمال محسن نے کہا کہ امریکہ میں موجو د پاکستانی کمیونٹی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ترجیحی بنیادوں پر کرتی ہے ۔کونسل مسلم لیگ کے سردار نصراللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرم پالیسی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو نہیں دبا سکتی ۔
صحافی مجیب لودھی نے کہا کہ آج دنیا بھر کے علاوہ امریکہ کے اہم شہروں میں اور ریاستوں میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں ۔پوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم ان سب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔
معروف پاکستانی فنکارہ بیگم نیلو فر عباسی نے کہا کہ بھار ت اور پاکستان مل کر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کریں اور استصواب رائے کے مطابق مسلہ کشمیر حل کریں ۔انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کو ان کی خواہشوں کے مطابق جینے کا حق دیا جائے ۔
نیویارک کمیونٹی کی جانب سے منعقد ہونیوالی یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب میں کثیر تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی ۔گذشتہ 24سالوں سے نیویارک کی کمیونٹی اس تقریب میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے ۔یوم یکجہتی کی اس تقریب میں کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ارکان اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں اور کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کرتے ہیں ۔تقریب کے انعقاد میں بشیر قمر، وکیل انصاری ،جمال محسن اور مجیب لودھی نے اہم کردار ادا کیا