انڈین گورنمنٹ لاکھوں انڈین کو کشمیر کے ڈومیسائل جاری کرکے عالمی قوانین کی ایک اور خلاف ورزی کررہی ہے
نیویارک میں پاکستانی امریکن تھنک ٹنک کے زیر اہتمام یوم اظہار یکجہتی کشمیر، کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار
تقریب میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی ، ڈاکٹرنثار چوہدری ، سردار امر جیت سنگھ ، ڈاکٹر شفیق ، چوہدری ظہور اختر، کرنل (ر) مقبول ملک، تا ج خان اور جان ولیمز سمیت اہم شخصیات شریک
نیویارک (اردونیوز ) نیویارک میں پاکستانی امریکن تھنک ٹنک کے زیر اہتمام پانچ فرور ی کی مناسبت سے یوم اظہار یکجہتی کشمیر کی ایک بڑی تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی ، امریکن اور جنوبی ایشائی کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والی مقامی اہم شخصیات نے کشمیر کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں پر زور
دیا کہ مسلہ کشمیر کے حل میں اپنا کرادر کی ادائیگی کو بلا تاخیر یقینی بنائیں اور کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سمیت تقریباً ایک ملین قابض بھارتی فوج وسیکورٹی فورسز کی کاروائیوں کا نوٹس لے ۔
تھنک ٹنک کے راجہ رزاق سمیت ان کے ساتھیوں کے زیر اہتمام تقریب میں نظامت کے فرائض کرنل (ر) مقبول ملک نے ادا کئے۔ تقریب میں پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی ، ڈاکٹرنثار چوہدری ، سردار امر جیت سنگھ ، ڈاکٹر شفیق ، چوہدری ظہور اختر، کرنل (ر) مقبول ملک، تا ج خان اور جان ولیمز سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں ۔نیویارک میں کورونا وائرس وبا کے باوجود بڑی تعداد میں کمیونٹی کی مقامی شخصیات اور ارکان کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے تقریب میں شریک ہوئے ۔ اگر یہ کہا جائے کہ یہ نیویارک میں یوم اظہار یکجہتی کشمیر کی سب سے بڑی تقریب تھی تو غلط نہ ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل عائشہ علی نے کہا کہ حکومت پاکستان نے 1990سے یوم یکجہتی کشمیر کا آغاز کیا جس کا مقصد یہ ہے کہ ہم مظلوم کشمیری عوام اور اپنے بہنوں اور بھائیوں سے اپنی یکجہتی کے عزم اور کشمیر کاز کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر کے حالات دو سال سے پہلے والے حالات سے بھی بد تر ہیں ۔ انڈین گورنمنٹ نے گذشتہ سال اگست میں اٹھائے جانے والے اقدام کے ذریعے کشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنے کی ایسی کوشش کی ہے کہ جو اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔انڈین شہریوں کو لاکھوںکی تعداد میں غیر قانونی طور پر کشمیر کے ڈومیسائل جاری کئے جا رہے ہیں ۔ یہ اقدام کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں۔قونصل جنرل نے کمیونٹی قائدین اور ارکان پر زور دیا کہ ہمیںضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی جواں سال نسل کو کشمیر کاز سے آگاہ کریںاور کشمیر کاز کے لئے آنیوالے دنوں میں ان کے کردارکو یقینی بنائیں ۔
عائشہ علی نے کہا کہ مسلہ کشمیر پر پاکستان کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرے گا، کشمیر کاز کے لئے ہمیں جو بھی قربانی دینا پڑی ، ہم دیں گے ۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی واشنگٹن کی معروف سماجی شخصیت ڈاکٹرنثار چوہدری نے کہا کہ امریکی عوام اور قیادت میں مسلہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنا ہو گی ۔ دنیا جہاں اہم عالمی امور اور صورتحال کے معاملات کا نوٹس لیتی ہے ، وہاں انہیں یہ باور کروانے کی بھی ضرورت ہے کہ مسلہ کشمیر دہائیوں پرانا مسلہ ہے ، اس مسلہ کے حل میں تاخیر یا اسے نظر انداز کرنا درست نہیں ۔ ڈاکٹرنثار چوہدر ی نے مزید کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی مثالی قیادت کی دنیا بہت کم مثال ملتی ہے ۔انہوں نے ایک قوم کو یکجا کیا اور اس قوم کے لئے ایک آزاد ملک حاصل کیا ۔اُس وقت کشمیریوں کو ان کے حق رائے دہی سے محروم رکھا گیا ۔ کشمیری قوم کو یہ حق جلد یا بدیر دینا ہوگا۔
سردارامر جیت سنگھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تاریخ کے نئے دور سے گذررہے ہیں ، 1947کے دور میں ہماری سکھ قیادت نے بڑا ’بلنڈر‘ کیا اور آزادی کا موقع گنوا دیا ۔ اس غلطی کی سزا ہم سکھ قوم آج74سال کے بعد بھی بھگت رہے ہیں جس کے لئے اکثر میں یہ شعر پڑھتا ہوں کہ
وہ وقت بھی دیکھا تاریخ کی گھڑیوں نے
لمحوں نے خطا ءکی صدیوں نے سزا پائی
ہم کشمیری عوام ، بھارت کے نقشے میں قید دو سو ملین سے زائد مسلمانوں ، بیس ملین سے زائد عیسائیوں کے ساتھ اور سکھ قوم کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مودی ایک نازی نظرئیہ رکھنے والے آمر ہے اور اس کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔
سکھ رہنما ہمت سنگھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ اپنی مکمل سپورٹ کا اظہار کرتے ہیں ۔نریندر مودی ہندوتہ ایجنڈے کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ، وہ بھارت کو ایک ہندو ریاست بنانا چاہتا ہے ، ہم اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ ہم مودی سرکار کی جانب سے بھارتی پنجاب میں کسانوں کے ساتھ کی جانیوالی زیادتیوں کی بھی مذمت کرتے ہیں ۔
تقریب سے ڈاکٹر شفیق ،راجہ رزاق، کرنل (ر) مقبول ملک، امتیاز احمد (الریان) ،تاج خان، قیصر بھٹہ ، سینئر صحافی عظیم میاں، معوذ صدیقی ، راجہ ضمیر، سردارساجد سوار،سمیت دیگر کمیونٹی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کو دنیا میں پائیدار امن اور کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاورزیوں کو روکنے کے لئے مسلہ کشمیر کے حل میں بلا تاخیر اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے ۔تقریب کے آخر میں پاکستانی امریکن تھنک ٹنک کی جانب سے ڈاکٹر نثار چوہدری کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ جبکہ سردارامر جیت سنگھ کو لیڈر شپ ایوارڈ دیا گیا۔
Pakistani American Think Tank, Kashmir Solidarity Day in New York