اوورسیز پاکستانیز
جمانی ولیمز نیویارک سٹی کے پبلک ایڈوکیٹ منتخب
نیویارک میں کونی آئی لینڈ ایونیو کے ایک حصے کا نام قائد اعظم کے نام سے منسوب کرنے والے جمانی ولیمز کو پاکستانی کمیونٹی کی مبارکباد
نیویارک(اردو نیوز ) نیویارک سٹی کے پبلک ایڈوکیٹ کے الیکشن میں کونسل مین جمانی ولیمز بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گئے ہیں ۔ان کے مقابلے میں کل سولہ امیدواران تھے جن سب کو بھاری اکثریت سے شکست دیتے ہوئے جمانی ولیمز کامیاب ہوئے ۔ جمانی ولیمز نیویارک سٹی کے وہ کونسل مین ہیں کہ جنہوں نے نیویارک میں کونی آئی لینڈ ایونیو ، بروکلین کے ایک حصے کا نام بانی پاکستان کےنام سے منسوب کرنے کے نیویارک سٹی کونسل و انتظامیہ کے فیصلے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سےجمانی ولیمز کو پبلک ایڈوکیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی گئی ہے ۔ جمانی ولیمز جو کہ سپیشل الیکشن میں پبلک ایڈوکیٹ منتخب ہوئے ، کے عہدے کی معیاد اس سال ختم ہو جائے گی ۔ آئندہ سال انہیں اس عہدے کے لئے دوبارہ الیکشن میں جانا ہوگا۔