نیویارک میں صحافی ارشد چوہدری کورونا سے انتقال کر گئے
ارشد چوہدری جنوری کے پہلے ہفتے میں کورونا مرض میں مبتلا ہوئے ، دس روز قبل مائیمونڈیز ہسپتال بروکلین میں داخل ہوئے
ارشد چوہدری کو ہسپتال میں علاض کے دوران آکسیجن کی کمی کا مسلہ پیدا ہوا جس کے بعد انہیں ونٹی لیٹر پر لگا دیا گیا ،اتوار کی صبح حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے
نیویارک (اردونیوز)پاکستانی امریکن کمیونٹی نیویارک کے سینئر صحافی ، روز نامہ پاکستان کے بیورو چیف ارشد چوہدری اتوار کی صبح یہاں انتقال کر گئے۔ وہ کورونا کے مرض میں مبتلا تھے اور گذشتہ دو ہفتوں سے مائیمونڈیز ہسپتال بروکلین میں زیر علاج تھے ۔
ارشد چوہدری کو پانچ جنوری کو کورونا مرض کی علامات محسوس ہوئیں جس کے بعد انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا جو کہ مثبت آیا۔ کورونا کا مثبت آنے کے بعد انہوں نے اپنا علاج شروع کروایا تاہم اس دوران کی طبیعت بہتر رہی لیکن کچھ دنوں کے بعد ان کا آکسیجن لیول کم ہونا شروع گیا ۔ اس صورتحال میں وہ مائیمونڈیز ہسپتال گئے جہاں ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں داخل کر لیا گیا۔ ارشد چوہدری کی ہسپتال میں بھی تقریباً پانچ چھ دن صورتحال بہتر رہی اور وہ فون پر دوست احباب سے بات چیت کرتے رہے لیکن چند روز قبل ان کا آکسیجن لیول تشویشناک حد تک کم ہو گیا جس کے بعد انہیں ونٹی لیٹر پر لگا دیا گیا ۔
ونٹی لیٹر پر چارروز رہنے کے بعد اتوار کی صبح ان کی حرکت قلب متاثر ہونا شروع ہو گئی جو کہ ڈاکٹر ز کی جانب سے اقدام کے باوجود بہتر نہ ہوئی اور بالآخر حرکت قلب بند ہو گئی اور ارشد چوہدری اپنے خالق حقیقی کو جا ملے ۔
ارشد چوہدری مرحوم کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور بیوہ شامل ہیں ۔ ان کا تعلق ساہیوال سے تھا اور وہ گذشتہ25سے زائد سالوں سے امریکہ میں مقیم تھے ۔ارشد چوہدری کے قریبی ساتھی فارماسسٹ سرور چوہدری جن سے ان کا شروع سے تعلق تھا ، کا کہنا ہے کہ ارشد چوہدری دوستوں کا دوست تھا ، ایک متحرک شخص اور ہر وقت مطالعہ کا شوقین صحافی تھا۔ان کی کی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔
پاکستانی امریکن کمیونٹی کے صحافیوں ، کمیونٹی قائدین اور ارکان کی جانب سے ارشد چوہدری کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا گیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائیں اور درجات بلند فرمائیں ۔