" "
اوورسیز پاکستانیز

کینیڈا میں قائد اعظم کے نام سے منسوب جناح پارک قائم

پارک کے قیام میں پاکستانی کینیڈین کمیونٹی کے مقامی قائدین مسرور خان اور راشد بہری کی کوششوں نے کلیدی کردار اد اکیا

ہائی کمشنر طارق عظیم خان نے ونی پیگ میں پہلے قائداعظم محمد علی جناح پارک کا افتتاح کیا، تقریب میں کینیڈا بھر سے سیکڑوں افراد نے شرکت کی

اوٹاوا،کینیڈا(اردو نیوز)کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر طارق عظیم خان نے ونی پیگ میں پہلے قائداعظم محمد علی جناح پارک کا افتتاح کردیا۔کینیڈا میں قائداعظم محمد علی جناح پارک کی افتتاحی تقریب میں کینیڈا بھر سے سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔اس پارک کے قیام میں پاکستانی کینیڈین کمیونٹی کے مقامی قائدین مسرور خان اور راشد بہری کی کوششوں نے کلیدی کردار اد اکیا۔
تقریب میں اپنے خطاب میں ہائی کمشنر نے کہا کہ اس کا کریڈٹ مینی ٹوبا میں پاکستانی نژاد کینیڈین متحرک کمیونٹی کو جاتا ہے جو شمالی امریکا میں پہلے پارک کو قائداعظم کے نام سے منسوب کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔طارق عظیم خان نے کہا کہ یہ ہمارے لیے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ ملک حاصل کرنے کے لیے ہمارے بانیوں کی قربانیوںکو خراج عقیدت پیش کرنے کا لمحہ ہے۔

ونی پیگ (کینیڈا) میں ہائی کمشنر طارق عظیم جناح پارک کا افتتاح کررہے ہیں ، ساتھ کینیڈا کی ارکان پارلیمان ٹیری ڈوگائڈ اور اقرا خالد ،مسرور خان اور راشد بہری بھی موجود ہیں

ہائی کمشنر طارق عظیم خان نے کہا کہ ونی پیگ کی برادری پاکستانی ثقافت کے فروغ اورمثبت تصور کو اجاگر کرنے کے لیے ثقافتی میلوں کا انعقاد کرتی ہے اور یہ دونوں کمیونیٹیزکے درمیان مفاہمت کے فروغ کے لیے پل کا کام کرتے ہیں۔
تقریب سے کینیڈا کی ارکان پارلیمان ٹیری ڈوگائڈ اور اقرا خالد نے بھی خطاب کیا اور پارک کو بانی پاکستان سے منسوب کیے جانے پر پاکستانی برادری کو مبارکباد دی۔ڈاکٹر راشد بہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے باہر بسنے والے پاکستانیوں کے دل میں پاکستان بستا ہے اور قائد اعظم کی محبت ہمارے دلوں میں ہر وقت موجود اور محسوس ہوتی ہے ۔ مینی ٹوبا کے پریذیڈنٹ مسرور خان نے کہا کہ قائد اعظم کے نام سے پارک منسوب کرنے سے ثابت ہوتا ہے کہ اوورسیز پاکستانی کس حد تک بانی پاکستان سے محبت کرتے ہیں ۔

Related Articles

Back to top button