صدر ٹرمپ نے اٹارنی جنرل جیف سیشن کو برطرف کر دیا
جیف سیشن کی جانب سے وائٹ ہاوس کے چیف آف سٹاف جان کیلی کے نام لکھے گئے استعفیٰ میں کہا گیا کہ آپ کے کہنے پر میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں ۔
نیویارک (محسن ظہیر) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اٹارنی جنرل جیف سیشن جن کو انہوں نے صدر منتخب ہونے کے بعد خود ہی نامزد کیا تھا، کو برطرف کردیا ہے ۔صدر ٹرمپ کی جانب سے اٹارنی جنرل جن کی کارکردگی سے صدر ایک عرصے سے مطمئن نہیں تھے ، کو امریکہ میں چھ نومبر کو ہونیوالے مڈٹرم الیکشن کے فوری بعد برطرف کیا ۔
جیف سیشن کی جانب سے وائٹ ہاوس کے چیف آف سٹاف جان کیلی کے نام لکھے گئے استعفیٰ میں کہا گیا کہ آپ کے کہنے پر میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جیف سیشن کا شمار ریپبلکن پارٹی کے اہم قائدین میں ہوتا ہے۔ اٹارنی جنرل بننے سے پہلے وہ سینئر امریکی سینیٹر تھے ۔صدارتی الیکشن میں انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کی اور صدر منتخب ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں اٹارنی جنرل مقرر کیا ۔صدر ٹرمپ اور جیف سیشن کے اختلافات اس وقت شروع ہوئے کہ جب صدر ٹرمپ کے خلاف صدارتی الیکشن میں روسی مداخلت کے کیس میں تحقیقات شروع ہوئی اور اٹارنی جنرل جیف سیشن نے خود کو تحقیقات کے معاملے سے الگ کر لیا ۔