پی پی پی یو ایس اے کا اہم اجلاس، جمیل سومرو کی خصوصی شرکت
بلاول بھٹو زردری کے پولیٹیکل سیکرٹری جو کہ ان کے ساتھ امریکہ کے دورے پر ہیں، کو پی پی پی یو ایس اے کی کاکردگی سے تفصیلی آگاہ کیا گیا اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے اہم ہدایات لی گئیں
نیویارک (اردونیوز ) پی پی پی یو ایس اے کے اہم عہدیداران کا ایک اہم اجلاس یہاں پریذیڈنٹ خالد اعوان کی صدارت میں نیوجرسی میں ہوا۔اس اجلاس میں امریکہ کے دورے پر آئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکرٹری و ممبر ایگزیکٹو کمیٹی جمیل احمد سومرو نے خصوصی شرکت کی ۔جمیل سومرو جب ظفرچٹھہ اور راجہ اسد کے ہمراہ میٹنگ میں پہنچے تو خالد اعوان کی قیادت میں پارٹی عہدیداروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔
اجلاس کا آغاز اللہ تعالیٰ کے بابرکت کلام سے ہوا۔ سلمان بٹ نے تلاوت کی سعادت حاصل کی ۔اجلاس میںپی پی پی یو ایس اے کے پریذیڈنٹ خالد اعوان ، سیکرٹری جنرل سیمی اسد، سینئر وائس پریذیڈنٹ میاں بشارت، وائس پریذیڈنٹ سلمان بٹ ، وائس پریذیڈنٹ ناصر سلیم،ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عظمیٰ گل ،ایڈوائزر ٹو پریذیڈنٹ ملک ناصر اعوان، بابر حسین قریشی (صدر سٹڈی سرکل پی پی پی یو ایس اے )،صوبی خان چانڈیو(ممبر ایگزیکٹو باڈی )،نور العارفین (ممبر ایگزیکٹو باڈی ) ،پریذیڈنٹ نیویارک سٹیٹ ظفر چٹھہ ، جنرل سیکرٹری نیویارک سٹیٹ راجہ اسد، انفارمیشن سیکرٹری نیویارک حبیب میمن ، پریذیڈنٹ وومین ونگ نیویارک سٹیٹ فریدہ خان ، محمد ارشد عطاء(پریذیڈنٹ ہیومین رائٹس ونگ نیویارک سٹیٹ )پریذیڈنٹ لانگ آئی لینڈ چیپٹر عذرا ڈار، مرزا ماجد بیگ (پریذیڈنٹ برونکس ) ، راجہ عبدالستار (جنرل سیکرٹری برونکس) ،، چوہدری محمد اشرف گورائیہ(سینئر وائس پریذیڈنٹ نیوجرسی سٹیٹ) نے شرکت کی ۔پی پی پی یو ایس اے کی سیکرٹری جنرل سیمی اسد نے اجلاس کے اغراض و مقاصد بیان کئے ۔
پی پی پی یو ایس اے کے پریذیڈنٹ خالد اعوان نے جمیل احمد سومرو کو اجلاس میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی اور پارٹی ساتھیوں کے لئے اعزاز اور فخر کی بات ہے کہ وہ اجلاس میںبطور مہمان خصوصی شریک ہوئے ۔ خالد اعوان نے میٹنگ میں موجود پی پی پی یو ایس اے کے تمام ساتھیوں کا تعارف کروایا ، انہیں امریکہ بھر میں موجود پی پی پی یو ایس اے کی تنظیمی چیپٹرز اور عہدیداروں اور ممبرز کے بارے میں بتایا اور پارٹی کی کارکردگی کے اہم امور کے بارے میں بریف کیا
سینئر وائس پریذیڈنٹ میاںبشارت نے پارٹی کی موجودہ تنظیم کا ماضی کی تنظیموں سے موازنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ پر نیویارک میں حال ہی میں منعقد ہونیوالا جلسہ عام مثالی تھا ۔بابر قریشی ، صدر سٹڈی سرکل نے جمیل سومرو کو اوورسیز میں خواتین ارکان کے کردار کی اہمیت سمیت اہم امور کے بارے میں آگاہ کیا۔
جمیل احمد سومرو نے خالد اعوان سمیت پی پی پی یو ایس اے کے تمام ساتھیوں کا عزت افزائی اور پذیرائی پر شکرئیہ ادا کیا ۔انہوں نے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ چئیرمین اپنے اس نجی دورےکے دوران مصروفیات کی وجہ سے پارٹی ساتھیوں، کمیونٹی اور میڈیا سے نہیں ملاقات کر سکے تاہم انہوں نے کہا کہ سب کو یقین دلائیں کہ وہ آئندہ دورہ امریکہ میں سب سے خصوصی اور تفصیلی ملاقات کریں گے ۔
جمیل سومرو نے مزید کہا کہ چئیرمین بلاول بھٹو ، پی پی پی یو ایس اے کے تمام عہدیداران کی کارکردگی سے خوش ہیں ، وہ صدر خالد اعوان سمیت پوری ٹیم سے خوش ہیں ۔اس ٹیم نے امریکہ بھر میں پی پی پی یو ایس اے کو جیسے فروغ دیا ہے ، وہ قابل ستائش ہے ۔ جمیل سومرو نے پی پی پی یو ایس اے کو چئیرمین بلاول بھٹو کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ چئیرمین سمجھتے ہیں کہ امریکہ اہم ملک ہے ، اس ملک میں بسنے والی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نہایت اہمیت ہے ۔ اس لئے چئیرمین چاہتے ہیں کہ امریکہ میں پی پی پی یو ایس اے کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے ، اس میں خواتین ، یوتھ اور نئے لوگوں کو شامل کیا جائےتاکہ آئندہ الیکشن میں اوورسیز کمیونٹی اپنا کردار ادا کرسکے ۔
جمیل سومرو پارٹی ساتھیوں کے نام پیغام میں کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت ہے کہ اگر ساتھیوں کے کوئی گلے شکوے ہوں تو آپس میںطے کیا کریں ۔ جب قیادت نے تنظیم کا اعلان کر دیا تو عہدیداران اور کارکنان پرلازم ہے کہ چئیرمین کے فیصلے کی عزت کریں اور ڈسپلن پر عمل کریں ۔
اجلاس کے بعد نیویارک واپسی پر جمیل احمد سومرو ، کچھ دیر کے لئے میاں بشار ت کی رہائشگاہ پر رکے اور وہاں ساتھیوں کے ساتھ چائے پی ۔میاں بشار ت نے عزت افزائی پر شکرئیہ ادا کیا ۔