لانگ آئی لینڈ ، نیویارک کی مسجد میں نفرت انگیز واقعہ، کاؤنٹی حکام نے واقعہ کا نوٹس لے لیا
Hate incident at Islamic Center of Melville Long Island, New York mosque prompts authorities to take notice
میل ویل مسجدمیں پیش آنیوالے اس واقعہ کا کاؤنٹی انتظامیہ کی جانب سے فوری نوٹس لے لیا گیا ہے ، پولیس اور ڈسٹرکٹ اٹارنی سمیت اعلیٰ حکام کا مسجد کا دورہ
نیویارک (محسن ظہیر سے ) نیویارک کے نواح میں واقع سفک کاؤنٹی میں مسلم امریکن کمیونٹی کی مسجد، اسلامک سنٹر آف میل ول میں نفرت انگیز واقعہ پیش آیا ہے ۔میل ول مسجد کے صدر ڈاکٹر طلعت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ بدھ ،21فروری کودوپہر اڑھائی بجے ، ایک شخص بنا اجازت مسجد میں جوتوں سمیت موبائیل فون پر ویڈیو بناتے ہوئے داخل ہوا اور مسجد کے اندر مختلف اطراف میں چکر لگانے شروع کر دئیے اورہتک آمیز الفاظ ادا کرتے ہوئے زور زور سے پکارنا شروع کر دیا کہ اسرائیل کے یرغمال بنائے جانے والے افراد کو فوری رہا کرو۔ مسجد انتظامیہ کے ارکان نے اس شخص کو مسجد سے نکلنے کے لئے کہا لیکن وہ اپنا کام کرتا رہا، مسجد کے قالین پر اپنے جوتے گھسیٹے ہوئے چلتا رہا۔
ڈاکٹر طلعت کا مزید کہنا ہے کہ اس واقعہ کی فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس کے پہنچنے سے قبل یہ شخص جائے وقوعہ سے روانہ ہو گیا۔تاہم مسجد کے سی سی ٹی وی کیمروں میں واقعہ کی فوٹیج ، واقعہ میں ملوث شخص کی واضح تصویر اور اس کی گاڑی تک کی تصویر کیپچر کر لی گئی ہیں ۔
میل ویل مسجدمیں پیش آنیوالے اس واقعہ کا کاو¿نٹی انتظامیہ کی جانب سے فوری نوٹس لے لیا گیا ہے ۔ سفک کاو¿نٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی ، پولیس ڈیپارٹمنٹ اور کاو¿نٹی ایگزیکٹو حکام نے میل ول اسلامک سنٹر کا دورہ کیا اور مسجد انتظامیہ کے ارکان سے واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا۔
سفک کاؤنٹی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس واقعہ کو نوٹس لے لیا گیا ہے اور مسجد انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ کو پیش نظر رکھ کر کاروائی کی جائے گی ۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کاو¿نٹی انتظامیہ کی جانب سے سفک میں موجود اسلامک سنٹرز کی سیکورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے ۔لانگ آئی لینڈ میں بسنے والی مسلم کمیونٹی نے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ اس واقعہ پر ہر ممکن قانونی کاروائی کی جانی چاہئیے ۔
لانگ آئی لینڈ میں پیش آنیوالے اس واقعہ سے چند روز قبل بروکلین کی اقراءمسجد پر نامعلوم شخص کی جانب سے مشکوک وال چاکنگ کا واقعہ بھی پیش آیا ہے ۔ مسلم امریکن کمیونٹی کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ان واقعات کے ادراک کے لئے ہر ممکن کاروائی کی جائے ۔ محسن ظہیر، چینل فائیو، نیویارک