مئی کے آخر میں اسلام آباد مارچ ہوگا، عمران خان
اس بار سونامی نہیں بلکہ عوام کا ایک سمندر اسلام آباد پہنچے گا، عمران خان
اسلام آباد (اردو نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے مئی کے آخری ہفتے میں مارچ کا اعلان کردیا۔مئی میں مارچ سے قبل انہوں نے چاند رات پر ہی ٹی آئی کے ارکان کو باہر نکلنے اور عوام کو متحرک کرنے کی بھی کال دے دی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری ایک ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا کہ کال کب دینی ہے اور اس کی نوعیت کیا ہوگی۔
چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا اہم پیغام- #الیکشن_کراو_پاکستان_بچاو #MarchAgainstImportedGovt pic.twitter.com/aycL0osudR
— PTI (@PTIofficial) April 30, 2022
عمران خان کا کہنا ہے کہ اس لانگ مارچ میں عوام کا اس بار ایک سمندر اسلام آباد پہنچے گا۔عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو بھی مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے استعفیٰ کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے ۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر ، ن لیگ کے ایجنٹ کے طور پر اپنا کردار ادا کررہے ہیں ۔
تحریک انصاف کے چئیرمین نے کہا کہ ایک بیرونی سازش کے تحت کرپٹ ترین لوگوں کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے۔ کابینہ کے 60 فیصد لوگ ضمانت پر ہیں، جو پرائم منسٹر بنا ہے اسے کرائم منسٹر کہتے ہیں، یہ ملک کی توہین ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں بڑی سیاسی تبدیلی آگئی ہے اور میاں حمزہ شریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھانے میں کامیاب ہو گئے ہیں ۔