پاکستانخبریں

عمران خان حکومت بچانے کےلئے چوہدری برادران کے گھر پہنچ گئے

مسلم لیگ (ق) جو کہ عمران خان کی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے ، سمیت اتحادی جماعتوں کی سپورٹ سے عمران خان کی حکومت قائم ہے

اسلام آباد (اردونیوز )اگرچہ وزیر اعظم عمران خان ، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کے لئے لاہور میں ان کے گھر گئے تاہم اُن کے اس ’مشن لاہور‘ کا مقصد اپنے اتحادیوں کو ساتھ قائم رکھنا اور اپنی حکومت کو برقراررکھنا ہے ۔ مسلم لیگ (ق) جو کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے ، سمیت اتحادی جماعتوں کی سپورٹ سے عمران خان کی حکومت قائم ہے ۔ اتحادی جماعتوں کی سپورٹ میں کسی بھی قسم کی دراڑ کی صورت میں حکومت ڈگمگا سکتی ہے ۔
یہی وہ دراڑ ہے کہ جو اپوزیشن قائدین ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اسی سلسلے میں گذشتہ دنوں عمران خان کی طرح اپوزیشن کے اہم قائدین میاں شہباز شریف ، آصف علی زرداری ، مولانا فضل الرحمان نے چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی سے اہم ملاقاتیں کیں ۔
ان ملاقاتوں کا کیا نتیجہ نکلے گا؟اس سوال کا جواب توآنیوالے وقت یا اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی صورت میں اتحادی جماعتوں کا موقف سامنے آنے کے بعد ہی ملے گا ۔ چوہدری برادران کی جانب سے اپوزیشن قائدین سے ملاقاتوں کے حوالے سے درون خانہ ذرائع سے یہ بات سامنے آئی یا نکالی گئی کہ چوہدری برادران نے ’تبدیلی ‘ کی صورت میں پنجاب کی وزارت اعلیٰ مانگ لی ہے ۔دیکھنا یہ ہو گا کہ اگر واقعی ق لیگ ، چوہدری پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ بنوانا چاہتی ہے تو آیا عمر ان خان سے ہونیوالی ملاقات میں یہ مطالبہ بھی رکھا گیا ہے یا نہیں اور اگر رکھا گیا ہے تو کیا عمران خان ، پنجاب میں اپنے ’وسیم اکرم پلس‘ یعنی کہ سردار عثمان بزدار کو تبدیل کرنے پر آمادہ ہو جائیں گے !!!!
عمران خان کی اتحادی جماعتوں کے علاوہ ان کی اپنی جماعت پاکستان تحریک انصاف میں جہانگیر خان ترین کی قیادت میں قائم ترین گروپ کے ناراض ارکان کی بھی پارٹی کی مسلسل سپورٹ ، عمران خان کو اپنی حکومت قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے ۔

Related Articles

Back to top button