امریکہ میں مقیم تمام غیر قانونی تارکین وطن کو لیگل کیا جائے ، الہان عمر
ہمیں امریکہ میں بسنے والے تمام غیر قانونی تارکین وطن کے لئے امریکی شہری بننے کی راہ بنانا ہو گی ، الہام عمر کا کولیشن آف امیگرنٹ رائٹس آف لاس اینجلس کے وفد سے ملاقات کے بعد بیان
نیویارک (اردونیوز ) منی سوٹا سٹیٹ سے تعلق رکھنے والی ڈیموکریٹک کانگریس وومین الہان عمر کہنا ہے کہ امریکہ میں مقیم نہ صرف تمام غیر قانونی تارکین وطن کو لیگل کیا جائے بلکہ انہیں امریکی شہری بننے کا حق بھی دیا جانا چاہئیے ۔کولیشن آف امیگرنٹ رائٹس آف لاس اینجلس سے ملاقات کے بعد اپنے ایک ٹویٹ میں الہان عمر کا کہنا تھا کہ ہمیں امریکہ میں بسنے والے تمام غیر قانونی تارکین وطن کے لئے امریکی شہری بننے کی راہ بنانا ہو گی ۔امریکی تھنک ٹنک پیو ریسرچ کی ایک رپورٹ کے مطابق سال 2017تک امریکہ میں بسنے والے غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہے اور اُن میں سے بیشتر امریکہ میں قانونی طور پر آئے تاہم ویزہ سٹیٹس کی معیاد ختم ہونے کی وجہ سے اپنا لیگل سٹیٹس برقرار نہ رکھ سکے ۔
دریں اثناءکسٹمز اینڈ بارڈر پٹرول کے اعداد وشمار کے مطابق رواں سال اپریل میں ایک لاکھ 78ہزار سے زائد افراد نے امریکہ میں داخلے کی کوشش کی اور یہ تعداد مارچ کے مقابلے میں تین گنا زائد ہے ۔کسٹمز اینڈ بارڈر پٹرول کی جانب سے مذکور ہ افراد میں سے ایک لاکھ گیارہ ہزار سے زائد افراد کو امریکہ میں داخل نہیں ہونے دیا گیا یا واپس کر دیا گیا ۔