امیگریشن کے نیوجرسی میں چھاپے،105گرفتار
گرفتار افراد میں چار انٹرپول کو مطلوب تھے ۔آپریشن پانچ دن جاری رہا ،گرفتارتارکین وطن میں سے 80فیصد پہلے سے کریمنل ریکارڈ کے حامل تھے یا ان کے خلاف کرمینل چارجز کا اطلاق زیر التواءتھا
نیوجرسی (اردو نیوز) امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کی جانب سے گذشتہ ہفتے امریکی ریاست نیوجرسی میں مختلف جرائم میں ملوث غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں 105افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔گرفتار کئے جانے والے افراد میں سے چار انٹرپول کو مطلوب تھے ۔آپریشن پانچ دن جاری رہا ۔امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیل کے مطابق آپریشن میں جرائم کے حامل تارکین وطن، غیر قانونی طور پر امریکہ میںدوبار ہ داخل ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن کے علاوہ امیگریشن قوانین کی خلاف ورزیوں کے مرتکب دیگر افراد موجود تھے ۔اس آپریشن میں امیگریشن حکام کے ساتھ ہوم لینڈ سیکورٹی انویسٹی گیشن ، یو ایس کسٹمز اینڈ بارڈر پٹرول نیوجرسی فیلڈ آفس نے بھی معاونت کی ۔
گرفتار ہونے والے 105تارکین وطن میں سے 80فیصد پہلے سے کریمنل ریکارڈ کے حامل تھے یا ان کے خلاف کرمینل چارجز کا اطلاق زیر التواءتھا ۔
امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کی انفورسمنٹ اور ریموول آپریشن کے ڈائریکٹر جان سوکا رس نے اپنے بیان میں کہا کہ آپریشن کی کامیابی ہمارے آفیسرز کی فرائض منصبی کی ہر ممکن ادائیگی کے عزم کا اظہار ہے ۔
گرفتار کئے جانے والے افراد کا تعلق برازیل، کینیڈا، کولمبیا، کوسٹا ریکا، کیوبا، ڈومینیکن ریپبلک، ایکوڈور، ایل سلواڈور، گوئٹا مالا، مصر،کوریا، میکسیکو، پیرو، فلپائن، پولینڈ، روس،سربیا،سلواکیا،سپین،تائیوان،ٹرنی ڈاڈ اور وینزویلا سے ہے ۔