" "
پاکستانامیگریشن نیوز

ہر کوئی امریکہ میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ دیکھنا چاہتا ہے، مگر کیسے !!

Everyone in Pakistan Wants to Visit the USA to Watch the ICC T20 Cricket World Cup, but How?

پاکستان میں لاکھوں کرکٹ شائقین جون میں ویسٹ انڈیز اور یو ایس اے ( امریکہ ) میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ دیکھنے کے لئے ویسٹ انڈیز اور یو ایس اے جاننا چاہتے ہیں

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جس کے انعقاد میں ایک سو سے بھی کم دن رہ گئے ہیں، کی میچ دیکھنے والے شائقین کو دو رکاوٹوں کا سامنا ہے ۔پہلی رکاوٹ ویزہ اور دوسری میچوں کی ٹکٹوں کی دستیابی ہے

 

لاہور(رپورٹ: احسن ظہیر، تاجور احسن )پاکستان میں ہزاروں بلکہ لاکھوں کرکٹ شائقین جون میں ویسٹ انڈیز اور یو ایس اے ( امریکہ ) میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ دیکھنے کے لئے ویسٹ انڈیز اور یو ایس اے جاننا چاہتے ہیں لیکن ان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اُن دونوں ممالک کے ویزے ہیں کہ جہاں ورلڈ کپ ہونے جا رہا ہے ۔

یکم جون سے 29جون تک کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچ ویسٹ انڈیز اور یو ایس اے کے اہم سٹیڈیم جن میں امریکہ کے تین سٹیڈیم ناسا کاؤنٹی نیویارک ( یو ایس اے ) ، گرینڈ پریری سٹیڈیم ڈیلاس ( یو ایس اے ) ،سنٹرل براوڈ پارک اینڈ براوڈ کاؤنٹی سٹیڈیم ، فورٹ لاڈر ہل، فلوریڈاجبکہ ویسٹ انڈیز کے پرویڈینس سٹیڈیم گیانا( ویسٹ انڈیز) ، کینگزنگٹن اوول برج ٹاؤن، باربا ڈوس، سر ووئین رچرڈ سٹیڈیم ، نارتھ ساؤنڈ، اینٹیگوا ،برائن لارا کرکٹ اکیڈیمی ، ٹرنی ڈاڈ، آرنوس ویل گراؤنڈ، آرنور ویل، سینٹ ونسٹ ، ڈیرن سیمی نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، سینٹ لوسیامیں کھیلے جائیں گے ۔

ٹورنامنٹ کے 55میچوں میں سے 16میچ امریکہ کے شہروں نیویارک ، ڈیلاس اور براوڈ کاؤنٹی ( فلوریڈا) میں ہوں گے ۔ان16میچوں میں سے آٹھ میچ نیویارک میں کھیلے جائیں گے ۔

واضح رہے کہ کرکٹ کی تاریخ میں امریکہ میں پہلی بار آئی سی سی ، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کروانے جا رہی ہے ۔ یہی وجہ سے پاکستان کے کرکٹ شائقین کی طرح امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لاکھوں ارکان بھی یہ میچ بالخصوص ناسا کاؤنٹی ، نیویارک میں پاکستان بمقابلہ انڈیا میچ دیکھنے کےلئے بے چین ہیں ۔

شائقین کرکٹ کی لاکھوں بلکہ ملین کی تعداد میں ان میچوں میں دلچسپی کی وجہ سے ٹورنامنٹ کے تمام اہم میچ بالخصوص پاکستان، انڈیا میچ اور سیمی فائنل اور فائنل میچ ”سولڈ آؤٹ “ ہو چکے ہیں ۔ٹورنامنٹ میں پاکستان کے چار اہم میچ ہوں گے ۔ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم، چھ جون کو یو ایس اےسے ،نو جون کو انڈیاسے، 11جون کو کینیڈا اور16جون کو آئر لینڈ کی ٹیم کے ساتھ کھیلے گی ۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ جس کے انعقاد میں ایک سو سے بھی کم دن رہ گئے ہیں، کی میچ دیکھنے والے شائقین کو دو رکاوٹوں کا سامنا ہے ۔پہلی رکاوٹ ویزہ اور دوسری میچوں کی ٹکٹوں کی دستیابی ہے ۔ پاکستانیوں کے لئے ویسٹ انڈیز کے ویزہ کا حصول تو اتنا مشکل نہیں لیکن امریکہ کا ویزہ لینا ایک بڑا مسلہ بن سکتا ہے امریکہ ویزے کی سب سے بڑی رکاوٹ ، وہ آن لائن قطار ہے کہ جس میں امریکہ ویزہ درخواست دہندگان کو مہینوں انتظار کرنا پڑتا ہے ۔
یو ایس ایمبسی اسلام آباد کی ویب سائٹ کے مطابق سٹوڈنٹ اور ایکسچینج کیٹیگری کے ساتھ ساتھ چند اہم کیٹی گریز میں (نان امیگرنٹ )ویزے ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جاتے ہیں۔ امریکہ میں کھیلے جانے والے میچ دیکھنے کے لئے پاکستان سے شائقین کرکٹ آج ویزہ اپلائی کریں تو ان کا ویزہ یکم جون سے پہلے پہلے جاری ہونا چاہئیے تبھی جا کر وہ امریکہ کا سفر کرنے اور وہاں پہنچ کر میچ دیکھ پائیں گے ۔
شائقین کرکٹ کا یو ایس ایمبسی اسلام آباد سے کہنا ہے کہ چونکہ امریکہ میں پہلی بار کرکٹ کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہو رہا ہے، لہٰذا ایمبسی ، شائقین کرکٹ کو ترجیحی بنیادوں پر ویزے جاری کرے ۔

امریکہ میں مقیم پاکستانی سمیت دیگر کمیونٹیز کے اوورسیز ارکان بھی اپنے عزیز و اقارب کو امریکہ آکر ورلڈ کپ دیکھنے کے دعوت نامے بھیج رہے ہیں اور ان کی بھی خواہش ہے کہ ان کے عزیز و اقارب کے جلد از جلد ویزے جاری ہوں۔

امریکہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے جو میچ ’سولد آؤٹ‘ ہو چکے ہیں، ان کی ٹکٹیں ، اوپن مارکیٹ میں ایک ہزار سے لے کر کئی ہزار ڈالرز تک فروخت کے لئے موجود ہیں ۔امریکہ میں موجود شائقین کرکٹ کا آئی سی سی مطالبہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ ٹکٹوں کی کنٹرول پرائس پر فروخت کو یقینی بنایا جائے ۔

 

Related Articles

Back to top button