امریکہ میں ویزہ انٹری کی معیاد ختم ہونے کے باوجود ٹہرنے والے 6لاکھ 60ہزارغیر ملکی ہوم لینڈ سیکورٹی کے ہدف پر آگئے
ویزہ قوانین کی خلاف کے مرتکب افراد کی نشاندہی کرنا قومی سلامتی، پبلک سیفٹی اور امیگریشن قوانین کے اطلاق کے حوالے سے ضروری ہے ۔ہوم لینڈ سیکورٹی
نیویارک (اردو نیوز ) یو ایس گورنمنٹ کی جانب سے ایسے افراد کی فہرست مرتب کی جا رہی ہے کہ جو سال2017میں امریکہ میں نان امیگرنٹ ویزے کے ذریعے داخل ہوئے لیکن انہیں امریکہ میں قیام کی جس مدت تک کی اجازت دی گئی تھی، وہ مدت گذرنے کے باوجود امریکہ سے روانہ نہیں ہوئے ۔ ہوم لینڈ سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کی مالی سال 2017کی رپورٹ کے مطابق چھ لاکھ 60ہزار وزیٹرز ایسے ہیں کہ جنہوںنے اپنے ٹورسٹ، بزنس، سٹوڈنٹ ویزہ پر انٹری حاصل کی لیکن قیام کی معیاد پوری ہونے کے باوجود یہاں سے روانہ نہیں ہوئے اور وہ مقرر ہ معیاد سے زائد وقت کے لئے قیام کررہے ہیں ۔
ہوم لینڈ سیکورٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ویزہ قوانین کی خلاف کے مرتکب افراد کی نشاندہی کرنا قومی سلامتی، پبلک سیفٹی اور امیگریشن قوانین کے اطلاق کے حوالے سے ضروری ہے ۔رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ امریکہ آنے والے مسافروں کا بائیو لاجیکل اور بائیو میٹرک ڈیٹا کو موثر انداز میں مرتب کیا جائے تاکہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو ٹریک اور ڈیپورٹ کرنے کو یقینی بنایا جائے ۔
ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ میں موجود گیارہ ملین غیر قانونی تارکین وطن میں سے چالیس فیصد ایسے ہیں کہ جو امریکہ قانونی طور پر آئے لیکن اپنے ویزہ انٹری کی معیاد ختم ہونے کے باوجود یہاں سے روانہ نہیں ہوئے اور غیر قانونی تارکین وطن کے زمرے میں شامل ہو گئے ۔
یہاں یہ امربھی قابل ذکر ہے کہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کی جانب سے امریکہ بھر میں غیر قانونی تارکین وطن بالخصوص وہ کہ جن کے خلاف ڈیپورٹیشن آرڈرز ہیں یا مجرمانہ ریکارڈ کے حامل ہیں ، کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔
یو ایس ہوم لینڈ سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سال 2017کی انٹری ایگزٹ رپورٹ پڑھنے کے لئے اس لنک کو کلک کریں; https://www.dhs.gov/sites/default/files/publications/18_0807_S1_Entry-Exit-Overstay_Report.pdf
اسے بھی پڑھیں :قانونی تارکین وطن کےلئے گرین کارڈز یا امریکی شہریت کا حصول سخت کرنے کی تجویز زیر غور
Homeland Security targets 606,000 in U.S. with expired visas