گلگت بلتستان ویلفیئرسوسائٹی یوا یس اے کا نگران وزیر اعلیٰ کےلئے فوزیہ سلیم عباس کی حمایت کا اعلان
اتحاد بلتستان کویت اور اس کے پریذیڈنٹ حاجی تقی کی جانب سے بھی فوزیہ سلیم عباس کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کیا گیا
نیویارک (اردو نیوز ) امریکہ میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور ارکان اور ان کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم گلگت بلتستان ویلفئیر سوسائٹی یوا یس اے کی جانب سے گلگت بلتستان کے نگران وزیراعلیٰ کے عہدے کےلئے فوزیہ سلیم عباس کی مکمل حمایت و تائید کا اعلان کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان ویلفئیر سوسائٹی یوا یس اے کی جانب سے جاری کردہ اعلان میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ کےلئے فوزیہ سلیم عباس موزوں ترین امیدوار ہیں اور ان کی نگرانی میں گلگت بلتستان میں صاف و شفاف الیکشن ہونگے ۔
گلگت بلتستان سوسائٹی یوا یس اے کے ساتھ ساتھ کویت میں بسنے والی کمیونٹی کی ایک اہم و نمائندہ تنظیم اتحاد بلتستان کویت اور اس کے پریذیڈنٹ حاجی تقی کی جانب سے بھی فوزیہ سلیم عباس کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ کویت میں بسنے والی کمیونٹی بھی چاہتی ہے کہ فوزیہ سلیم عباس کی نگرانی میں عبوری حکومت قائم کی جائے جو کہ صاف و شفاف الیکشن کو یقینی بنائے ۔
دونوں تنظیموں کی جانب سے دئیے گئے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان میں صاف و شفاف الیکشن منعقد کروا کر منتخب ایوان اور آئندہ حکومت کے قیام کو یقینی بنایا جائے ۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی 22جون کو تحلیل ہو رہی ہے جس کے بعد نگران حکومت قائم کی جائے گی جو کہ الیکشن کے انعقاد اور عبوری عرصے کے لئے حکومتی و انتظامیہ معاملات کو یقینی بنائے گی ۔
فوزیہ سلیم عباس کا شمار گلگت بلتستان کمیونٹی کی معروف سماجی شخصیات میں ہوتا ہے۔ انہوں نے گذشتہ 25سالوں میں اہم شعبوں میں خدمات انجام دیں ۔
گلگت بلتستان ویلفئیر سوسائٹی کی جانب سے پاکستان میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسوں کے حوالے سے بھی خصوصی دعا کی گئی اور کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ پاکستانی عوام کو اس وبا سے نجات دلائے اور قوم کو محفوظ رکھے ۔ سوسائٹی کی جانب سے کہا گیا کہ انتخابات کے دوران بھی ووٹرز اور عوام اپنی صحت کا ہر ممکن طور پر خیال رکھیں اور حکومت عوام کی صحت کو یقینی بنانے کے سلسلے میں تمام انتظامات کو یقینی بنائے ۔