جنرل بلال اکبر نے سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں
سعودی عرب میں پاکستان کے سبکدوش ہونے والے سفیر راجہ علی اعجاز اپنی مدت ملازمت ختم ہونے پر ریٹائر ہوکر 28 اپریل کو پاکستان روانہ ہو جائیں گے
ریاض (رپورٹ: وسیم خان) سعودی عرب کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر لیفٹیننٹ جنرل( ریٹائرڈ) بلال اکبر ریاض پہنچ گئے ہیں اور یہاں انہوں نے پاکستان کے نئے سفیر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سبکدوش ہونے والے سفیر راجہ علی اعجاز اپنی مدت ملازمت ختم ہونے پر ریٹائر ہوکر 28 اپریل کو پاکستان روانہ ہو رہے ہیں جبکہ ان کی جگہ نئے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر سعودی عرب میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور اپنے فرائض منصبی ادا کریں گے ۔
جنرل (ر) بلال اکبر دسمبر 2020 میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کے چئیرمین کے طور پر پاک فوج سے ریٹائر ہوئے۔ اس سے قبل وہ کمانڈر 10 کور تھے، جسے کور کمانڈر راولپنڈی کہا جاتا ہے۔ اس دوران آرمی چیف نے انھیں کرنل کمانڈنٹ آف مجاہد فورس بھی تعینات کیا۔
سال 2016 میں تھری سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد انہیں چیف آف جنرل سٹاف تعینات کیا گیا تھا۔سال2014 میں جب وفاقی اور صوبائی حکومت نے کراچی میں امن بحال کرنے کے لیے آپریشن کا آغاز کیا اور رینجرز کو خصوص اختیارات دیے تو اس وقت بلال اکبر میجر جنرل تھے۔ انھیں اس وقت ڈی جی رینجرز تعینات کر کے کراچی بھیجا گیا۔ان کی قیادت میں رینجرز نے کراچی میں امن کی بحالی میں کردار ادا کیا۔ اس سے قبل وہ لاہور میں 11 ویں ڈویڑن میں بطور جی او سی فرائض سرانجام دے رہے تھے۔سعودی عرب میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی نے جنرل بلال اکبر کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کی تقرری کا خیر مقدم کیا ہے۔
Gen Bilal Akbar new envoy to Saudi Arabia